ایشیاء کپ اور چمپئنز ٹرافی میں عمدہ کارکردگی کے باعث ہاکی رینکنگ میں پاکستان کی ٹاپ 10میں واپسی،آسٹریلیا پہلے نمبر پر براجمان،

112پوائنٹس کے فرق سے ہالینڈ کی ٹیم دوسرے ،چیمپئنز ٹرافی کی فاتح جرمن ٹیم کی تیسری پوزیشن ہے

جمعہ 23 جنوری 2015 22:04

ایشیاء کپ اور چمپئنز ٹرافی میں عمدہ کارکردگی کے باعث ہاکی رینکنگ میں ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23جنوری۔2015ء) انٹر نیشنل ہاکی فیڈریشن نے تازہ رینکنگ جاری کردی جس کے مطابق قومی ہاکی ٹیم حالیہ عمدہ کارکردگی کی بنا پر ایک درجہ ترقی کر کے ٹاپ ٹین میں شامل ہوگئی۔قومی ہاکی ٹیم نے حال ہی میں ایشیا ء کپ اور چیمپئنز ٹرافی میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور دونوں ایونٹس میں رنرز اپ رہی۔ قومی ہاکی ٹیم کی اس عمدہ کارکردگی سے اس کی عالمی رینکنگ میں بھی بہتری آئی ہے۔

ایف آئی ایچ کی جاری کردہ تازہ ترین ہاکی رینکنگ میں پاکستان ٹیم ایک درجہ ترقی کرکے دوبارہ ٹاپ ٹین میں شامل ہوگئی۔ ہاکی کی عالمی درجہ بندی میں آسٹریلیا کی ٹیم 2534پوائنٹس کے ساتھ بدستور سر فہرست ہے۔ 112پوائنٹس کے فرق سے ہالینڈ کی ٹیم دوسرے نمبر پر ہے۔

(جاری ہے)

چیمپئنز ٹرافی کی فاتح جرمن ٹیم کی تیسری پوزیشن ہے۔انگلینڈ ،بیلجیئم اور ارجنٹائن بالترتیب چوتھے ،پانچویں اورچھٹے نمبر پر فائز ہیں۔

نیوزی لینڈ کے پوائنٹس 1814اور پوزیشن ساتویں ہے۔ ایشین ٹیمیں کوریا، بھارت اور پاکستان آٹھویں، نویں اور دسویں پوزیشن پر ہیں۔ کوریا کے پوائنٹس 1659، بھارت کے 1644اور پاکستان کے 1422ہیں۔ ملائیشین ٹیم دو درجہ تنزلی کے بعد بارہویں نمبر پر چلی گئی ہے جبکہ اسپین نے گیارہویں پوزیشن حاصل کرلی۔ ہاکی ویمنز رینکنگ میں ہالینڈ 2639پوائنٹس لے کر نمبرون ہے۔ آسٹریلیا کا دوسرا اور ارجنٹائن کا تیسرا نمبر ہے۔