جماعت الدعوة پر کوئی پابندی نہیں لگائی گئی ،بینک اکاؤنٹس منجمد کئے گئے ہیں ،عبد الباسط ،

فیصلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کیا گیا ، پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں پر سختی سے عملدرآمد کر رہا ہے،بھارت جب تیار ہو مذاکرات کی درخواست کرسکتا ہے، پاکستانی ہائی کمشنر، سمجھوتا ایکسپریس کا واقعہ بھارت میں ہوا،بھارت تحقیقات میں تیزی لاسکتا تھا ، نئی دہلی میں سیمینار سے خطاب ، میڈیا سے گفتگو

جمعہ 23 جنوری 2015 22:09

جماعت الدعوة پر کوئی پابندی نہیں لگائی گئی ،بینک اکاؤنٹس منجمد کئے ..

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23جنوری۔2015ء) بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبد الباسط نے کہا ہے کہ جماعت الدعوة پر کوئی پابندی نہیں لگائی گئی بلکہ اس کے بنک اکاؤنٹس منجمد کئے گئے ہیں اور رہنماؤں کے باہر ممالک جانے پر پابندیاں لگائی گئی ہیں ۔ جمعہ کو نئی دہلی میں ”انڈیا ٹوڈے“ میگزین کے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کیا گیا ہے ۔

عبد الباط نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں پر سختی سے عملدرآمد کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے قراردادوں کے علاوہ کسی مزید اقدام کی ضرورت نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت الدعوة کے دفاتر اور دیگر اداروں کو حکومت نے پہلے سے کنٹرول میں لے لیا ہے ۔

(جاری ہے)

حافظ سعید کی گرفتاری سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ قرارداد میں کسی کو گرفتار کرنے کا نہیں کہا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے نفاذ کے حوالے سے کوئی رائے نہیں اور پاکستان اسکے مطابق آگے بڑھ رہا ہے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنرنے کہاکہ حریت رہنماوٴں سے ملاقاتیں کئی برسوں سے جاری ہیں اس کو بنیاد بناکرمذاکرات کو منسوخ کرنے کی کوئی وجہ نہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی سے جس طرح متاثر ہوا کوئی اور ملک نہیں ہوا۔ بھارت نے سمجھوتا ایکسپریس کی تحقیقات کو انجام تک پہنچانے کیلئے کوئی کوشش نہیں کی۔ سمجھوتا ایکسپریس کا واقعہ بھارت میں ہوا،بھارت اس کی تحقیقات میں تیزی لاسکتا تھا۔