پشاور،گستاخانہ خاکوں کیخلاف تمام دینی جماعتوں کا قصہ خوانی میں عظیم الشان احتجاجی مظاہرہ،

نمک منڈی چوک سے خیبربازار تک احتجاجی واک، توہین رسالت کو دنیا کا سب سے بڑا جرم قرار دیا جائے، مقررین کا مطالبہ

جمعہ 23 جنوری 2015 23:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23جنوری۔2015ء) مجلس تحفظ ناموس رسالت کے زیراہتمام فرانسیسی جریدے کی جانب سے سرور کائنات ،خاتم المعصومین حضرت محمدمصطفی کی شان اقدس میں گستاخانہ خاکے شائع کرنے کے خلاف تمام دینی جماعتوں کی مشترکہ احتجاجی ریلی نمک منڈی چوک سے قصہ خوانی تک نکالی گئی جو کہ بعد میں احتجاجی جلسہ کی صورت اختیار کرگئی،احتجاجی جلسہ میں اہلسنت والجماعت،جمعیت علماء اسلام(ف)،جماعت اسلامی، ،پاکستان راہ حق پارٹی، جماعت اشاعت توحید والسنہ ،جمعیت اہلحدیث، جمعیت علماء اسلام(س)،عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت، انٹرنیشنل ختم نبوت موٴمنٹ اور دیگر جماعتوں کے قائدین وکارکنان نے شرکت کی، احتجاجی جلسہ سے اہلسنت والجماعت کے ضلعی امیر مولانا اسماعیل درویش،بابومعاویہ،جے یو آئی(ف)کے صوبائی امیر مولاناگل نصیب خان ضلعی امیر مولانا خیرالبشر، جماعت اسلامی کے قائم مقام صوبائی صدر حکیم عبدالوحید، ضلعی امیر صابرحسین اعوان،پاکستان راہ حق پارٹی کے حکیم ابراہیم قاسمی، جماعت اشاعت توحید والسنہ کے مولانا امیرجان، جمعیت اہلحدیث کے ڈاکٹر زاکر شاہ، جمعیت علماء اسلام(س)کے مولانا عبدالحق حقانی،انٹرنیشنل ختم نبوت موٴومنٹ کے صوبائی صدر شکیل اختر، مولانا بلال،عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی،اتحاد العلماء کے عبدالاکبرچترالی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فرانسیسی جریدے میں شائع ہونے والے خاکوں سے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے احساسات اور جذبات کو مجروح کیا گیا ہے،اس شرمناک واقعہ پر فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کیا جائے اور توہین رسالت کو دنیا کا سب سے بڑا جرم قرار دیا جائے،اس طرح گستاخانہ جرأت سے تمام مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے لہذا اس ناپاک جسارت پر فرانس تمام عالم اسلام سے معافی مانگے اور ضمانت دے کہ آئندہ مستقبل میں ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے گا،جس سے مسلمانوں کی دل آزاری ہوتی ہو ورنہ بصورت دیگر پاکستان اور تمام مسلم ممالک فرانس کیساتھ سفارتی تعلقات ختم کریں اور فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کریں، یہ احتجاجی جلسہ اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتا ہے کہ ایسی قانون سازی کریں کہ تمام انبیاء ،کسی بھی مذہب کی مقدس ہستی اور کتاب کی توہین کو دنیا کا سب سے بڑا جرم قرار دیں، باربار توہین آمیز خاکوں کی اشاعت اسلام دشمنی ہے لہذا اس کو فورا بند کیا جائے کیونکہ اس طرح کے واقعات سے دنیا کا امن تہہ وبالا ہوسکتا ہے جس کی ذمہ داری یورپ پر عائد ہوگی، یہ یہ احتجاجی جلسہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمدنواز شریف سے مطالبہ کرتی ہے کہ ترکی کے صدر طیب اردگان کی طرح جرأت کا مطاہرہ کریں اور او آئی سی کا اجلاس طلب کرکے اس فکری دہشتگردی کے خلاف ٹھوس اور موٴثر موٴقف اختیار کریں، مجلس تحفظ ناموس رسالت کے زیر اہتمام یہ احتجاجی جلسہ ملک میں ہونے والی ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتی ہے اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ دہشتگردی سے جنگ کی آڑ میں علماء، مدارس اور دینی جماعتوں کو بے جاتنگ نہ کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :