کراچی ، سی آئی ڈی پولیس نے 14پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث لیاری گینگ کے تین ملزمان سمیت 4ملزمان کو گرفتار کر لیا، اسلحہ اور ممنوعہ پارٹس برآمد

جمعہ 23 جنوری 2015 23:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23جنوری۔2015ء) کراچی کے مختلف علاقوں میں سی آئی ڈی پولیس نے 14پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث لیاری گینگ کے کے تین ملزمان سمیت 4ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور ممنوعہ پارٹس برآمد کرلیے ہیں ۔جمعہ کو اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایس ایس پی سی آئی ڈی عثمان باجوہ نے بتایا کہ سی آئی ڈی کی ایک ٹیم انسپکٹر ملک ضمیروسب انسپکٹر سید محمد سرفراز کی قیادت میں تشکیل دی گئی تھی جنہوں نے عزیز بھٹی تھانے کی حدود میں وفاقی اردو سائنس یونیورسٹی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار کے سہیل ڈاڈا گروپ کے تین کارندوں کو گرفتار کیا ہے جن میں شیراز فیصل عرف فیصل ولد محمد اشرف، محمد زبیر عرف یاڈوولد علی محمد، عبدالرحیم ولد سلیم اختر شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف ، گولیاں، دو 30 پستول اورگولیاں برآمد کی گئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملزمان کے خلاف تھانہ سی آئی ڈی آپریشن گارڈن مقدمہ الزام نمبر 13/2015بجرم دفعہ 353/324//34ت پ، مقدمہ الزام نمبر 14/2015بجرم دفعہ A 23(I)سندھ اسلحہ ایکٹ 2013 ، مقدمہ الزام نمبر 15/2015بجرم دفعہ A 23(I)سندھ اسلحہ ایکٹ 2013،مقدمہ الزام نمبر 16/2015بجرم دفعہ A 23(I)سندھ اسلحہ ایکٹ 2013 درج کیے گئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ گرفتار دہشت گرد شیراز فیصل نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ14جنوری 2015کوملیرسٹی کے علاقے میں پولیس کانسٹبل ملک حفیظ کو شہید کیا ۔ ملزم شیراز عرف فیصل نے سرسری انٹروگیشن میں انکشاف کیا کہ اسکے ساتھیوں محمد یوسف پٹھان، اکبر ملیری، موسی پولیس والا، عمران بھایا، بلال عرف شام نے اندازاً14 پولیس والوں کوٹارگٹ کرکے قتل کیاہے۔

ایس ایس پی سی آئی ڈی نے پریس کانفرنس کے دوران دوسری کارروائی سے متعلق بتایا کہ میں DSPملک آصف عثمان کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس نے عبدالغنی عرف اکرام ولد محمد عبدالمغنی کوصدر کے علاقے سے گرفتار کیا جس کے قبضہ سے ممنوعہ الیکٹرونک پارٹس برآمدہوئے، یہ ڈیوائز عبدالغنی مختلف لوگوں کو فروخت کرتا تھا یہ تمام الیکٹرونک آئیٹم مختلف موبائل فون کوٹریس کرنے ، FMریڈیوں کے ذریعہ پیغامات ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچانے، سرکاری وائرلیس سسٹم کو اپنے استعمال کرنے میں کرنا، سیٹلائٹ کیمرہ جس کو GSM/SPYکیمرہ بھی ہے کو کسی بھی خفیہ جگہ لگا کر اس علاقے کی موومنٹ مانیٹر کرنا اور اس قسم کے دوسرے الیکٹرونکس آئٹم میں استعمال کیے جاتے ہیں ۔