ملک بھر میں سردی کی شدت برقرار،بالائی علاقے برف سے ڈھک گئے، پنجاب میں پھر دھند کا راج

ہفتہ 24 جنوری 2015 13:31

لاہور /ملتان /کراچی /پشاور /کوئٹہ /مری ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) رواں ہفتے ہونے والی بارشوں اور برفباری کے باعث ملک بھر میں سردی کی شدت برقرار ہے جبکہ دھند کے باعث پنجاب کے بیشتر علاقوں میں معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے ہیں، ملتان میں دھند کے باعث ائیر پورٹ پر پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا ہے ،بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد مری سے لے کر سوات تک پہاڑوں نے برف کا دوشالہ اوڑھ رکھا ہے ، آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں برف کے انبار لگے ہوئے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں رواں ہفتے ہونے والی بارش اور برفباری نے موسم کے نظارے دوبالا کردیئے ہیں وہیں ملک بھرمیں سردی اپنے عروج پر ہے۔ خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کالام میں مزید 2جبکہ مالم جبہ میں 3انچ برفباری ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

چترال میں لواری ٹاپ سمیت دیگر بالائی علاقوں میں 5ویں روز بھی برفباری کاسلسلہ جاری ہے اس کے علاوہ اپر اور لوئر دیر میں بارش اور برف باری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، برف باری کے باعث متعدد مقامات پر رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔

پنجاب کے بیشتر علاقوں میں دھند نے تمام منظر دھندلا دیئے ہیں، پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک ہلکی دھند رہی جس کی وجہ سے موٹر وے ایم 3پر حد نگاہ 70میٹر رہی۔ ملتان اور گردو نواح میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ 5میٹر جبکہ چیچہ وطنی اور گرد و نواح میں شدید دھند کے باعث قومی شاہراہ پر حد نگاہ صفر ہوگئی۔ ملتان میں دھند کے باعث حد نگاہ اس قدر متاثر ہوئی ہے کہ قریب سے بھی کچھ دکھائی نہیں دے رہا ۔

دھند کے باعث ملتان ائیر پورٹ پر پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا ہے کراچی سے آنے والی پرواز پی کے 331تاخیر کا شکار ہے اسی پرواز کو واپس کراچی بھی جانا تھا جبکہ صبح جدہ سے آنے والی پرواز پی کے 740اب تک ملتان نہیں آئی جسے ملتان سے مدینہ جانا تھا ۔ لاہور میں سرد موسم کی شدت برقرار ہے جبکہ سورج اور بادلوں میں آنکھ مچولی کا سلسلہ صبح سویرے سے ہی شروع ہو گیا ۔

شہر کے مضافات میں صبح کے اوقات میں ایک بار پھر دھند چھائی رہی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ان علاقوں میں شام کے بعد دھند میں مزید اضافہ ہوگا۔گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں سب سے کم درجہ حرارت پارا چنار میں منفی 8ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ قلات میں منفی07، استور، اسکردو اورمالم جبہ میں منفی 06، گوپس منفی 05، کوئٹہ اور کالام میں منفی04 ، ہنزہ اوردروش میں درجہ حرارت منفی 02، دیر، راولاکوٹ اور مری میں منفی01 ، لاہور اور پشاور 07، اسلام آباد میں08، حیدرآباد 10جبکہ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 13ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی علاقوں سے ہواں کا نیا سلسلہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات پنجاب اور بلوچستان میں داخل ہو رہا ہے، جس سے شمالی بلوچستان، پنجاب اور ساحلی علاقوں میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :