فیصل آباد،گیس اور بجلی کی غیر اعلانیہ پر شہریوں کے بڑھتے ہوئے احتجاج پر اراکین قومی وصوبائی اسمبلی پریشان

ہفتہ 24 جنوری 2015 14:17

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) گیس اور بجلی کی غیر اعلانیہ پر شہریوں کے بڑھتے ہوئے احتجاج پر اراکین قومی وصوبائی اسمبلی پریشان ۔ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں اراکین اسمبلی نے سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ اورکم پریشر پر عوامی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے محکمہ سوئی گیس کی بدنظمی پرگہری تشویش کا اظہارکیااورکہا کہ دستیاب سوئی گیس کی مناسب تقسیم کے لئے جامع شیڈول ترتیب دیا جائے اورخصوصاً صبح 5بجے سے 9بجے تک اورشام 6بجے سے 10بجے تک گیس کی فراہمی یقینی ہونی چاہیے۔

اجلاس کی صدارت ایم این اے ڈاکٹر نثار جٹ نے کی جس میں اراکین قومی وصوبائی اسمبلی حاجی اکرم انصاری،میاں عبدالمنان،شہباز بابر،رجب علی بلوچ،رانا محمد افضل خاں،میاں محمدفاروق،محمد نواز ملک،مدیحہ رانا،شیخ اعجاز احمد،ڈاکٹرنجمہ افضل،حاجی خالد سعید،فقیر حسین ڈوگر،حاجی الیاس انصاری،چوہدری افضل ساہی،محترمہ کنیز اسحاق،عارف محمود گل،جعفر علی ہوچہ،رائے عثمان کھرل،نعیم اللہ گل ودیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران اراکین اسمبلی کوڈی سی اونورالامین مینگل نے ضلعی محکموں کی کارکردگی اورترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔اجلاس میں سی پی او ڈاکٹرسہیل تاجک ،سی ٹی اورانا محمد معصوم ضلعی محکموں کے ای ڈی اوز کے علاوہ واسا،محکمہ سوئی گیس،فیسکو،انہاراور فیصل آبادسالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران بھی موجود تھے۔ ریجنل مینجر سوئی گیس نے وضاحت کی کہ فیصل آباد کو 255ایم ایم سی ایف کے مقابلے میں 124ایم ایم سی ایف گیس مل رہی ہے جس پر صدر اجلاس نے 6رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جو گیس لوڈ مینجمنٹ کا جائزہ لے کرعوام کودرپیش مشکلات کے حل کے لئے مناسب شیڈول تیار کرے گی۔

کمیٹی میں ارکان اسمبلی میاں عبدالمنان،میاں محمد فاروق،محمدنواز ملک،شیخ اعجاز احمد،حاجی خالد سعیداورمیاں طاہرجمیل شامل ہیں۔اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کے معیارکی جانچ پڑتال کے سلسلے میں بھی ڈاکٹر نثار جٹ،حاجی خالد سعید اورجعفر علی ہوچہ پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی جبکہ فیصلہ کیاگیاکہ کینال ایکسپریس وے کے منصوبے کو تھری لین تک وسیع کرانے اور مطلوبہ فنڈزجاری کروانے کے سلسلے میں میاں عبدالمنان حاجی اکرم انصاری،افضل ساہی،فقیر حسین ڈوگر اور حاجی خالد سعید پرمشتمل وفدوزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرے گا۔