جموں و کشمیر میں حکومت بنانے پر بی جے پی کی متعلقین سے بات چیت جاری ہے‘ ر نتائج کسی بھی وقت متوقع ہیں،جتندر سنگھ

ہفتہ 24 جنوری 2015 14:32

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء)بھارت کے وزیر مملکت داخلہ ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں حکومت بنانے پر بھارتیہ جنتا پارٹی کی طرف سے متعلقین کے ساتھ سنجیدہ بات چیت جاری ہے اور نتائج کسی بھی وقت متوقع ہیں۔ بھاجپا نے چند لیڈران کو اس کیلئے مقرر کیا ہے جو کہ اپنا کام کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر جتندر نے وہ اس بارے زیادہ کچھ نہیں بتا سکتے کیونکہ ایک الجھن پیدا ہو گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ”حکومت کا دعویٰ پیش کرنے کے لئے صرف عدد پورے کرنا کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے لیکن جمہوری عمل میں آپ کو لوگوں کی خواہشات کو بھی مدنظر رکھنا ہوتا ہے جس میں عام طور پر وقت لگتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی انتخابات سے جموں و کشمیر کی حکومت سازی کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا ”حکومت بنانے کیلئے کوئی حد مقرر نہیں کی جا سکتی‘ متعدد پیچیدہ مسائل ہیں جن پر غور و خوض کیا جانا ہے“ مرکزی وزیر مملکت نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی پاکستانی رفیوجیوں اور پاکستانی زیر انتظام کشمیر مہاجرین کی باز آبادکاری کے وعدہ پر کاربند ہے اور سرکاری سطح پر اس ضمن میں کام جاری ہے۔

ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہا کہ پاکستانی رفیوجیوں کے مسائل کو حل کرنے کے خلاف مختلف حلقون سے اٹھائی جا رہی آوازوں پر ردعمل ظاہر کرنا ضروری نہیں۔ حکومتی سطح پر غور و خوض جاری ہے تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھ کر کوئی حتمی فیصلہ لیا جائے گا تاہم انہوں نے ساتھ ہی یہ واضح کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی پاکستانی رفیوجیوں سمیت تمام طرح کے مہاجرین کے مسائل و مظالبات کو حل کرنے کی وعدہ بند ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھاجپا کا رفیوجیوں کے مسائل کے حوالے جو موقف تھا وہا س پر قائم ہے ریاست میں مالی بحران کے حوالہ سے ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہا کہ مرکزی سرکاری ریاست کو تمام امداد دینے کی وعدہ بند ہے۔ گورنر کی طرف سے جو بھی مشاہدات اور تجاویز مرکزی وزیر خزانہ کو بھیجی گئی ہیں ان پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست گورنر راج میں ہی مالی بحران کا شکار نہیں ہوئی ہے بلکہ گزشتہ برس سیلاب کے دوران ہی ریاستی سرکار کی بے بسی ظاہر ہو گئی تھی۔

کشمیر سے کسی بھاجپا لیڈر کو راجیہ سبھا ممبر منتخب کئے جانے بارے ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہا کہ جموری نظام میں ہر ایک کو اپنی خواہش اور بات رکھنے کا حق ہے۔ اگر کشمیر سے بی جے پی کا کوئی لیڈر مانگ کر رہا ہے تو اس میں غلط کیا ہے تاہم بھاجپا اندرونی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے۔ ایک باضابطہ طریقہ کے ساتھ ہر طرح کے فیصلے لئے جاتے ہیں اور یہ فیصلہ ہر ایک کیلئے قابل قبول ہوتا ہے۔ مرکزی الیکشن کمیٹی اس حوالہ سے مجاز ہے وہ جو بھی فیصلہ کریگی وہ صحیح ہو گا۔