پریذیڈنٹ گولڈ کپ ون ڈے ٹورنامنٹ تیسرا راؤنڈ

ہفتہ 24 جنوری 2015 15:45

کراچی( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء ) پریذیڈنٹ گولڈ کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کے تیسرے راوٴنڈ میں کراچی زیبراز نے سنسنی خیز میچ میں اسلام آباد لیپرڈز کو ایک رنز سے مات دیدی، عماد وسیم کے 89 رنز بھی کسی کام نہ آسکے ۔راولپنڈی کیخلاف کراچی ڈولفنز نے117 رنز سے میدان مار لیا۔ فاتح کپتان رمیز راجہ جونیئر نے 124 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، کے آر ایل کے سامنے لاہورلائنز بے بسی کی تصویر بن گئے، صدف حسین نے 5 اور راحت علی نے 4شکار کرتے ہوئے ڈیپارٹمنٹل ٹیم کو 158 رنز فتح دلا دی، نیشنل بینک نے زیڈ ٹی بی ایل کو 234 رنز کے بڑے مارجن سے زیر کیا، سمیع اسلم نے سنچری جڑی، کامران اکمل نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے، ایس این جی پی ایل نے پشاور پنتھرز پر 4 وکٹ سے قابو پایا، اسرار اللہ کی سنچری رائیگاں گئی، عماد بٹ نے تھری فیگر اننگز سے ٹیم کی ناوٴ پار لگا دی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پریذیڈنٹ گولڈ کپ ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ کے تیسرے راوٴنڈ میں کراچی زیبراز کی ٹیم نے سنسنی خیز میچ میں اسلام آبادد لیپرڈز کو ایک رن سے مات دی۔ فاتح سائیڈ نے سعود شکیل کے 79 رنز کی بدولت 271 رنز بنائے، اسلام آباداد کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹیں گرنے کے باوجود ایک رن قبل ہمت ہار گئی، عماد وسیم کے 89 رنز بھی رائیگاں گئے، حمزہ ندیم 38 کے ہمراہ آخر تک وکٹ پر موجود رہے لیکن اس کے باوجود وہ اپنی ٹیم کو سرخرو نہ کراسکے۔

کراچی ڈولفنز نے راولپنڈی ریمز کو 117 سے مات دی۔ فاتح کپتان رمیز راجہ جونیئر نے 124 رنز بناتے ہوئے ٹیم کو 327 تک پہنچایا، میر حمزہ 49 پر آؤٹ ہوگئے، حمزہ سلطان نے 3 وکٹیں اپنے نام کیں۔ مشکل ہدف کا تعاقب کرنے والی راولپنڈی ریمز کی ٹیم 210 تک ہی پہنچ سکی، نوید ملک 76 اور عثمان سعید 40 کے ساتھ ٹاپ سکوررہے، میر حمزہ اور عدیل ملک نے 3,3 وکٹیں لیں،کے آر ایل نے لاہور لائنز کو مکمل طور پر بے بس کیے رکھا۔

فاتح سائیڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 323 رنز بنائے، شعیب احمد منہاس نے 78 رنز کی اننگزکھیلی، علی خان 52 اور زین عباس 43 رنز بناکر نمایاں رہے، لاہور لائنز کی ٹیم 42 ویں اوورز میں 165 پر ہی پویلین لوٹ گئی، صدف حسین نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 29 رنز کے عوض 5 شکار کیے،راحت علی نے 4 وکٹیں اپنے نام کیں، ا?غا سلمان نے 60 اور سعد نسیم نے 37 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔

این بی پی نے زرعی ترقیاتی بینک کو 234 رنز کے بھاری مارجن سے زیر کیا، کامیاب ٹیم کی جانب سے سمیع اسلم نے 120 رنز بنائے، کامران اکمل 72 گیندوں پر 94 رنز بنانے کے بعد ا?وٴٹ ہوگئے، ناصر جمشید 40 اور فواد عالم 24 کے ساتھ نمایاں رہے، عمار محمود اور کرامت علی نے 3،3 وکٹوں کا بٹوارا کیا، 344 رنز کے مشکل ہدف کا پیچھا کرنے والی زیڈ ٹی بی ایل کی ٹیم نے صرف 109 رنز پر گھٹنے ٹیک دیے، محمد اصغر نے 4 اور فواد عالم نے 3 وکٹیں اڑائیں، شاہد یوسف 20 کے ہمراہ قابل ذکر اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے۔

سوئی ناردرن گیس کے خلاف پشاور پینتھرز4 وکٹ کی خفت سے دوچار ہوگئے۔ ناکام ٹیم نے اسرار اللہ کی سنچری کی بدولت 5 وکٹ پر 285 رنز بنائے، مہران ابراہیم 60 کے ہمراہ نمایاں رہے، عاطف جبار نے تین وکٹیں لیں، ایس این جی پی ایل نے مقررہ ہدف ایک گیند قبل حاصل کیا، عمران بٹ نے تھری فیگر اننگز کھیلی، اظہر علی ایک رن کی کمی سے ففٹی مکمل نہ کرسکے، علی وقاص 46 رنز کے ہمراہ ٹیم کو فاتح بنا کر پویلین گئے۔

پورٹ قاسم کے خلاف اسٹیٹ بینک کی ٹیم 16 رنز سے ہار گئی، فاتح ٹیم کی جانب سے خرم منظور نے 123 رنز کی اننگز کھیلی، خالد لطیف56 اور محمد سمیع 34 کیساتھ نمایاں رہے، 296 کا ہدف حاصل کرنے کیلیے میدان میں اترنے والی اسٹیٹ بینک کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 279 رنز تک ہی پہنچ سکی بابر اعظم سنچری کے باوجود ٹیم کو کامیابی نہ دلواسکے، کامران یونس نے 3 پلیئرز کو پویلین چلتاکیا۔