فیصل مسجد میں شاہ عبد اللہ کی غائبانہ نماز جنازہ،سردار یوسف نے نماز جنازہ پڑھائی

ہفتہ 24 جنوری 2015 15:48

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء )سعودی عرب کے بادشاہ شاہ عبداللہ کی غائبانہ نماز جنازہ فیصل مسجد میں ادا کردی گئی ۔نماز جنازہ میں وزیر اعظم کے مشیر سرتاج عزیز ،وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف ،میاں محمدسومرو، پاکستان میں سعودی عرب کے قائم مقام سفیر جسول الخالدی سمیت غیر ملکی سفیروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

نماز جنازہ نماز جنازہ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے پڑھائی ۔ نماز جنازہ کے بعدسعودی شاہ عبداللہ کیلئے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر اعظم کے مشیر سرتاج عزیز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہ عبد اللہ بن العزیز کے دور میں پاکستان اور سعودی کے تعلقات مضبوط ہوئے ۔شاہ عبد اللہ پاکستان کے ایک مخلص اور سچے دوست تھے ان کی وفات عالم اسلام کے لئے ایک سانحہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ شاہ عبد اللہ کی وفات سے پاکستان ایک سچے دوست سے محروم ہوگیا ہے جس کا خلاء کبھی پرنہیں ہوگا ۔سرتاج عزیز نے کہا کہ جب شاہ عبد اللہ پاکستان آئے تو انہوں نے کہا کہ ج طرح پاکستانی عوام نے استقبال کیا ہے زندگی میں ایسا کبھی نہیں دیکھا۔انہوں نے کہا کہ شاہ عبد اللہ سے پانچ سے چھ بار ملاقات کا شرف حاصل ہوا ہے ۔