سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کا اسلام آباد میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری

ہفتہ 24 جنوری 2015 15:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء ) سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کا اسلام آباد میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے۔اس سلسلے میں مرکز G-11میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے تجاوزات کنندگا ن کا سامان ضبط کر لیا۔ اسی طرح انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی خصوصی ٹیموں نے اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کے ہمراہ PIMSہسپتال ، مرکز G-11،مرکز G-9 اوربری امام کے ملحقہ علاقوں میں کاروائی کرتے ہوئے 2ٹرک سامان ضبط کر لیا اور 2عدد غیر قانونی طور پر بنائی گئی دیواروں کو بھی گرا دیا گیاجبکہ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں جوائنٹ آپریشن کے دوران 11ٹرک سامان ضبط کر کے سی ڈی اے سٹور میں جمع کروا دیا گیا۔

یہ تمام کاروائیاں تاجر برادری کے تعاون سے کی گئیں جبکہ تاجر برادری کو اس بات سے بھی آگاہ کیا گیا کہ وہ اپنی دکانوں کے سامنے کسی قسم کی تجاوزات قائم نہ ہونے دیں کیونکہ اس سے نہ صرف مارکیٹ میں خریداری کے لئے آنے والے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ مقامی تاجروں کا کاروبار بھی متا ثر ہوتاہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ ہفتہ میں کاروائی کے دوران سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کے ہمراہ جوائنٹ آپریشن کے دوران سیکٹر G-10/3اور مسلم کالونی میں بنائے گئے غیر قانونی کمرے گرا دیئے اور سنیاڑی، جی ٹی روڈ کے ساتھ ترنول اورمارگلہ ناریل بری امام میں ایک کنال پر بنائی گئی غیر قانونی دیواریں گرا دی گئیں جبکہ اسلام آباد میں جاری آپریشن کے دوران سیکٹر D-12میں ایک چھپر ہوٹل بھی گرا دیا گیا ۔

ممبر ایڈمنسٹریشن و اسٹیٹ عامر علی احمد نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے تسلسل کو برقرار رکھا جائے اور آپریشن کے دوران کسی سے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔

متعلقہ عنوان :