باراک اوباما اپنے دورے کے دوران بھارت پر کشمیریوں کو حق خود ارادیت فراہم کرنے کیلئے دباؤ ڈالیں،عبدالرشید ترابی

ہفتہ 24 جنوری 2015 16:03

بھمبر( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ امریکی صدر براک حسین اوباما کشمیریوں کی مبنی برحق جدوجہد کی نہ صرف حمایت کریں بلکہ اپنے دورہ کے دوران بھارت پر دباؤ ڈالیں کہ وہ اپنے عہد کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت فراہم کرے ۔کشمیر اور فلسطین جیسے دیرینہ مسائل حل کیے بغیر نہ مشرق وسطیٰ میں امن قائم ہو سکتا ہے اور نہ ہی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی ضمانت دی جا سکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سراج الحق کے دورہ بھمبر کے حوالے سے بھمبر میں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر تقریبات سے انجینئر خالد خان ‘ امجد چودھری ‘ فرید چودھری سمیت دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

استقبالیہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ آزاد خطے کو تحریک آزادی کشمیر کا حقیقی بیس کیمپ بنانے کے لیے ضروری ہے کہ یہاں نظام عدل کا قیام ہو ظلم و نا انصافی میرٹ کی پامالی اور کرپشن کے کلچر کے ہوتے ہوئے بیس کیمپ اپنا حقیقی کردار ادا نہیں کر سکتا ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پوری قوم کے ساتھ یوم سیاہ بھر پور انداز سے منائے گی اور جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق بھمبر میں اہل کشمیر کے ساتھ یوم سیاہ منائیں گے اور بھمبر میں خصوصی لائحہ عمل کا اعلان بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اہل بھمبر قائد پاکستان کا بھرپور استقبا ل کریں ۔پارٹی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر جلسہ عزم انقلاب کانفرنس میں شرکت کریں ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہی امید کی واحد کرن ہے جس کے پاس تبدیلی کا ایجنڈا موجود ہے ۔ معاشرے میں اور دیگر پارٹیوں میں شامل اچھے افراد اور قائدین جو تبدیلی کی خواہش رکھتے ہیں وہ جماعت اسلامی میں شامل ہوں تاکہ جماعت اسلامی مضبوط ہو کر تبدیلی لا سکے۔انہوں نے کہا کہ وزراء اپنے اپنے حلقوں میں وزیر اعظم بن کر اختیارات کا ناجائز استعمال کر رہے ہیں جس سے مسائل پید اہو رہے ہیں اور وزراء علاقوں اور برادریوں کے نام پر اپنے عزیزوں تک محدود ہو گئے ہیں ۔

غریب کے لیے ملازمت کے دروازے بند ہیں سفارش کے بغیر انصاف کا حصول ممکن نہیں رہا۔ ظلم و نا انصافی کے اس دور کو ختم کرنے کے لیے عوام ہمارا بھر پور ساتھ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کو جب بھی موقع ملا اس نے عوام کی خدمت کی ۔تعلیم کے میدان میں ہماری خدمات قوم کے سامنے ہیں ۔ اسی طرح الخدمت فاؤنڈیشن ‘ مساجد و مدارس فاؤنڈیشن ‘ پیما جیسے ادارے بھی عوام کی بھر پور خدمت کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے شاندار خدمات ریکارڈ کے ساتھ میدان میں اتری ہے اور حقیقی تبدیلی تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔انہوں نے کہا کہ 5فروری ہفتہ یوم یکجہتی کشمیر بھی بھرپورانداز سے منایا جائیگا ۔