پیپلز پارٹی کی بنیاد مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی، شہید بھٹو کا ہزار سال تک جنگ لڑنے کا عزم ہمارے لئے مشعل راہ ہے، شیخ اظہر

ہفتہ 24 جنوری 2015 16:10

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) سابق ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شیخ اظہر نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی بنیاد مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی‘ شہید قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو نے کشمیر کی آزادی کیلئے ایک ہزار سال تک جنگ لڑنے کے عزم کا جو اعلان کیا تھا وہ ہمارے لیئے مشعل راہ ہے‘ بھارت طاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کو زیادہ دیر تک یرغمال نہیں رکھ سکتا۔

کشمیریوں نے تحریک آزادی کشمیر کی تکمیل کیلئے لاکھوں انسانی جانوں ‘ ماؤں بہنوں کی عزت و عصمتوں کی قربانی دی۔ شہداء کشمیر کا خون رائیگاں نہیں جائیگا اور کشمیریوں کو ان کی منزل حق خودارادیت مل کر رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شیخ اظہر نے کہا کہ نام نہاد جمہوریت کا علمبردار بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں اپنی افواج کے ذریعے نہتے کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رکھے ہیں۔

(جاری ہے)

نوجوانوں کو دہشتگرد قراردے کر شہید کردیا جاتا ہے اور آزادی مانگنے کی پاداش میں نوجوانوں کو پابند سلاسل کردیا جاتا ہے ‘ مقبوضہ کشمیر میں مظالم انتہاء کو پہنچ چکے ہیں۔عالمی انسانی حقوق کے علمبرداروں کی بھارتی مظالم پر خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ اپنی پاس کردہ قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق دلوائے تاکہ خطہ میں پائیدار امن ممکن ہوسکے۔