سانحہ پشاور میں دہشت گردوں کی طرف سے استعمال ہونیوالی سمیں لاہور سے جاری ہونے کا انکشاف

سکیورٹی اداروں نے دہشت گردوں کو سمیں فراہم کرنے والی فرنچائز کے مالک کو حراست میں لے لیا ، تحقیقات شروع فرنچائز کا مالک لوگوں سے دھوکے سے انگھوٹھے لگوا کر سمیں نکلوا کر دہشت گردوں کو فراہم کرتا تھا ، دیگر سمیں بھی برآمد کر لی گئیں ‘ نجی ٹی وی

ہفتہ 24 جنوری 2015 16:14

سانحہ پشاور میں دہشت گردوں کی طرف سے استعمال ہونیوالی سمیں لاہور سے ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) پشاور کے آرمی پبلک سکول میں ہونے والے ملکی تاریخ کے بدترین دہشت گردی کے واقعے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے ، سانحہ پشاور میں دہشت گردوں کی طرف سے استعمال ہونے والی سمیں لاہور سے جاری ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ سانحہ پشاور میں استعمال ہونے والی سمیں لاہور سے جاری ہوئی ہیں ، سکیورٹی اداروں نے لاہور سے دہشت گردوں کو سمیں فراہم کرنے والی فرنچائز کے مالک کو حراست میں لے کر تحقیقات کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے اورملزم سے دیگر سمیں بھی برآمد کی گئی ہیں ۔

نجی ٹی وی نے پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ فرنچائز کا مالک لوگوں سے دھوکے سے انگھوٹھے لگوا کر سمیں نکلواتاتھا اور بعد ازاں اسے دہشت گردوں کو فراہم کرتا تھا اور سانحہ پشاور میں دہشت گردوں کی طرف سے استعمال ہونے والی سمیں بھی لاہور سے پشاور بھیجی گئیں جس کے بعد اسے دہشت گردوں نے استعمال کیا ۔

(جاری ہے)

سانحہ پشاور کے دوران دہشت گردوں نے لاہور سے جاری ہونے والی سموں کے ذریعے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے امیر ملا فضل اللہ سے رابطے کیے اور اس کو واقعے کے حوالے سے آگاہ کرتے رہے ۔ یاد رہے کہ 16دسمبر 2014ء کو ہونے والے ملکی تاریخ کے بدترین واقعے میں میں 150افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں 135سے زیادہ بچے شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :