سروسز ہسپتال میں سیکورٹی انتظامات مزید موثر کر دئیے گئے ،مختلف حصوں میں 100 سیکورٹی گارڈ تعینات

ہفتہ 24 جنوری 2015 16:14

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) سروس ہسپتال میں مریضوں ، تیمار داروں اور ہسپتال سٹاف کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں اور اس سلسلہ میں 100 سے زائد سیکورٹی گارڈ ہسپتال کے مختلف حصوں میں تعینات کر دئیے گئے ہیں، حفاظتی انتظامات کو مزید موثر بنانے کے لئے ادارے میں 20 کمانڈوز تعینات کئے جائیں گے جن کا تعلق صوبائی حکومت میں رجسٹرڈ کمپنیوں سے ہو گا ۔

ان خیالات کا اظہار میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سروسز ہسپتال ڈاکٹر عمر فاروق بلوچ نے ہفتہ کے روز میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ سروسز ہسپتال اور اس سے منسلک میڈیکل کالج کی دیواریں 8 فٹ تک بلند کرنے اور ان پر خار دار تار لگانے کا ٹھیکہ تفویض کر دیا گیا ہے اور یہ کام ترجیحی بنیادوں پر جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عمر فاروق بلوچ نے مزید کہا کہ ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں داخل ہونے کے لئے ہر شخص کو واک تھرو گیٹس سے گزرنا ہو گا اور اس مقصد کے لئے واک تھرو گیٹس نصب کر دئیے گئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے داخلی اور خارجی راستوں کے علاوہ مختلف وارڈز اور شعبوں پر نظر رکھنے کے لئے مزید سی سی کیمرے بھی نصب کر دئیے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے سیکورٹی گارڈ اور دیگر تمام سٹاف کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 24 گھنٹے الرٹ اور مستعد رہیں تاکہ ہسپتال میں آنے والے تمام لوگوں اور ہسپتال سٹاف کی زندگی کو محفوط رکھنے کے لئے کئے گئے اقدامات کو موثر بنایا جا سکے ۔