محکمہ داخلہ کی جانب سے وفاقی حکومت کو فوجی عدالتوں میں سندھ سے بھجوائے جانیوالے دہشت گردی کے مقدمات کی سکروٹنی آخری مراحل میں داخل

ہفتہ 24 جنوری 2015 16:31

کراچی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء ) محکمہ داخلہ کی جانب سے وفاقی حکومت کو فوجی عدالتوں میں سندھ سے بھجوائے جانے والے دہشت گردی کے مقدمات کی اسکروٹنی آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہے ۔ ان مقدمات کی اسکروٹنی محکمہ داخلہ کی لیگل کمیٹی کر رہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق سندھ سے وفاقی حکومت کو تین درجوں میں مقدمات بھجوائے جائیں گے ۔ پہلے مرحلے میں کالعدم تنظیموں کے رہنماوٴں کے خلاف درج دہشت گردی اور دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات ، دوسرے مرحلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملہ کرنے اور ان کو شہید کرنے ، فرقہ ورانہ ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردوں اور کالعدم تنظیموں کے معاونین اور سول اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کے مقدمات اور آخری مرحلے میں ان سیاسی ، مذہبی جماعتوں کے رہنماوٴں اور کارکنان کے مقدمات ، جن کے خلاف دہشت گردی ایکٹ اور دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات درج ہیں ۔

(جاری ہے)

ان مقدمات کے علاوہ پروفیشنلز کو قتل کرنے کے مقدمات بھی وفاقی حکومت کو بھیجے جائیں گے ۔ ان تمام مقدمات کا لیگل کمیٹی مرحلہ وار جائزہ لے رہی ہے ۔ محکمہ داخلہ نے محکمہ پراسیکیوشن اور پولیس کے لیگل ڈپارٹمنٹ سے ان تمام مقدمات کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے اور ہدایت کی گئی ہے کہ ان تمام مقدمات کی موجودہ پوزیشن عدالتوں میں کیا ہے ۔ کتنے مقدمات کے چالان اب تک التواء کا شکا رہیں اور کتنے ملزمان کو اب تک گرفتار کیا گیا ہے ۔

لیگل کمیٹی 450 سے زائد دہشت گردی کے مقدمات کا جائزہ لے رہی ہے اور پہلے مرحلے میں 50 مقدمات وفاقی حکومت کو بھیجنے کی تیاری کی جا رہی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان تمام مقدمات کی اسکروٹنی کے بعد صوبائی اپیکس کمیٹی کی منظوری سے ایسے تمام مقدمات جو 21 ویں ترمیم کے دائرہ کار میں آتے ہوں گے ، وہ وفاقی حکومت کو بھیجے جائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :