اسلامی نظریاتی کونسل کی جانب سے تین طلاقوں کی سفارشات خوش آئند ہیں،علامہ عباس کمیلی

ہفتہ 24 جنوری 2015 16:32

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) جعفریہ الائنس کے سربراہ علامہ عباس کمیلی نے اسلامی نظریاتی کونسل کی جانب سے بیک وقت تین طلاقوں کو غیر شرعی اور قابل نفرت جرم قرار دیئے جانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ بروقت اور خوش آئند ہے ،کیونکہ اس مکروہ فعل نے اسلام اور شریعت کے نام پر غیر اخلاقی دھندے کے دروازے کھول دیئے تھے ،جسے اس سے قبل سابق جج شفیق محمد ی نے اپنے فیصلے میں شرعی زنا قرار دیا تھا،لہٰذا اسلام اور شریعت کی آڑ میں اس غیر اسلامی اور غیر اخلاقی کاروبار کی دکانوں کو اب بند ہوجانا چاہیئے اور اس گندے کاروبار میں ملوث افراد کو سزاء ملنی چاہیئے اسی طرح فریقین کی رضا مندی اور مفاہمت کی راہ نکالنے کی کوششوں کے بغیر خلع اور طلاق کے صیغے جاری کرنے والے خود ساختہ مولویوں کا بھی احتساب کیا جائے،اس سلسلے میں فقہہ جعفریہ کا موقع واضح اور صاف ہے اور اس میں کبھی کسی قسم کا کوئی اختلاف نہیں رہا ۔