گستاخانہ خاکے انتہائی گھناؤنا اقدام ہے ،عالمی امن کو خطرے سے دوچار کر دیاہے،چوہدری عبدالمجید

ہفتہ 24 جنوری 2015 17:26

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ گستاخانہ خاکے انتہائی گھناؤنا اقدام ہے جس نے عالمی امن کو خطرے سے دوچار کر دیاہے۔ امریکہ سمیت یورپ کو چاہیے کہ وہ اس کا سخت نوٹس لے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے اپنا بنیادی کردار ادا کرے۔ سرکار دو عالم ﷺ سے محبت ہمارے ایمان کا بنیادی عقیدہ ہے۔

جس پر کسی قسم کی لچک نہیں دکھائی جا سکتی۔ آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر گستاخانہ خاکوں کے اقدام کی شدید مذمت کرتی ہے اور اقوام عالم سے مطالبہ کرتی ہے کہ ایسے اقدامات کیے جائیں جن سے تمام مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان محبت میں اضافہ ہو۔ مدارس میں دی جانے والی دینی تعلیم ہمارے معاشرے کو سنوارنے میں نہایت اہمیت کی حامل ہے۔

(جاری ہے)

آزادکشمیر میں مدارس کا کردار اور علماء کرام کی خدمات لائق تحسین ہیں۔

دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم ایک ہو چکی ہے۔ قومی ، اور سیاسی قیادت نے ملک کو دہشتگردی سے پاک کرنے کیلئے جس اتحاد کا مظاہرہ کیا ہے وہ اس پر خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام سے آزادکشمیر کے امیر مولانا سعید یوسف سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ جنہوں نے کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔

دونوں راہنماؤں نے سانحہ پشاور میں بدترین دہشتگردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے بچوں کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔ آزادکشمیر کی داخلی صورت حال ، سیاسی امور ،سیکورٹی کی صورتحال اور مدارس کے کردار کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ ہماری حکومت نے ایسے تمام مدارس کے نظام کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کی ہے جو آزادکشمیر میں شرح تعلیم میں اضافے کا سبب اور دینی و دنیاوی تعلیم کی ترویج کرتے ہیں۔

انہوں نے کہ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر ہر مسلمان کا دل رنجیدہ ہے اور اس اقدام نے پورے عالم اسلام کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔انہوں نے تجویز دی کہ اسلامی سربراہی کانفرنس کی سطح پر اس معاملے کو فوری طور پر اٹھایا جائے اور تمام مسلم ممالک کے سربراہان اس کو ایجنڈے میں سر فہرست رکھیں۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ سمیت یورپی ممالک کو اس کا فوری طور پر نوٹس لینا چاہیے اور ایک ایسا ضابطہ تشکیل دینا چاہیے جس سے کسی بھی مذہب یا اس کے بانی کی شان میں کوئی گستاخی نہ کی جا سکے۔

انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت نے بھی اس معاملے پر اپنا احتجاج متعلقہ ممالک تک پہنچایا ہے اور انہیں مسلمانوں کی حقیقی جذبات سے آگاہ کیاہے۔وزیراعظم نے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم یک آواز رکھتی ہے۔ آزادکشمیر اسمبلی نے بھی متفقہ قرارداد میں دہشتگردی کے خلاف جنگ کی حمایت کی قرارداد منظور کی۔ انہوں نے کہاکہ اس جنگ میں پاک فوج کی قربانیاں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔

پاک فوج کے سپہ سالار جرنل راحیل شریف نے دہشتگردوں کا قلہ قمہ کرنے کے لیے جس آہنی عزم کا اظہار کیا اس پر پوری قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ جرنل راحیل شریف نے یوم شہداء اور دورہ برطانیہ کے موقع پر جس طرح مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا اور کشمیری عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل کمٹمنٹ کا اظہار کیا اس سے نہ صرف کنٹرول لائن کے پار تحریک آزادی کشمیر میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے عظیم شہداء کے حوصلے بلندہوئے بلکہ پوری کشمیری قوم میں ایک نیا ولولہ پید اہوا۔

وزیراعظم نے کہاکہ سانحہ پشاور ملک کی تاریخ کا بدترین واقع تھا مگر قوم نے باالخصوص پاک فوج نے اسے ایک موقع کے طور پر لیا اور بلند حوصلے کے ساتھ دہشتگردوں کے خلاف برسرپیکار ہوگئے۔انہوں نے کہاکہ ہم دہشتگردی کے خلاف اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ وہ یہ جنگ جیتیں گے کیونکہ ہم سب ان کے ساتھ ہیں۔

وزیراعظم نے مدارس کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ مدارس ایسی غیر سرکاری ادارے ہیں جنہوں نے معاشرے میں تعلیم کی شمع روشن رکھنے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے معاشرے میں مثبت روایات کو پروان چڑھنانے میں علماء کرام کے کردار کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے مولانا سعید یوسف سے کہا کہ آزادکشمیر میں سیکورٹی کی صورتحال اور مدارس کا کردار انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے کہاکہ جن مدارس کے قواعد درست ہیں ان کی رجسٹریشن فوری کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ ہمارے نظام تعلیم کو بہتر بنانے اور شرح خواندگی میں اضافہ میں بھی مدارس بہترین کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس موقع پر مولانا سعید یوسف نے کہاکہ چوہدری عبدالمجید کی صورت میں آزادکشمیر کو ایک قومی لیڈر ملا ہے جنہوں نے ہر موقع پر اپنی قوم کے جذبات کی بہترین ترجمانی کی ہے۔ انہوں نے مدارس کے حوالے سے وزیراعظم کے مثبت کردار کو سراہا اور ان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :