آزادی پسند رہنماؤں کا سعودی فرمانروا شاہ عبدللہ کے انتقال پر اظہار افسوس،سعودی عوام، شاہی خاندان کیساتھ اظہار تعزیت

ہفتہ 24 جنوری 2015 17:27

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) مقبوضہ کشمیر میں آزادی پسند رہنماؤں نے سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سعودی عوام اور شاہی خاندان کیساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے اپنے بیان میں خادمین الحرمین الشریفین شاہ عبداللہ کی رحلت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اپنی اور کشمیریوں کی جانب سے سعودی عرب کے شاہی خاندان اور سعودی عوام کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

میر واعظ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مرحوم کشمیر کاز کے نہ صرف زبردست حامی تھے بلکہ وہ اس دیرینہ تنازعہ کا کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ایک دیر پا حل کے بھی متمنی تھے۔

(جاری ہے)

میرواعظ نے کہا کہ مرحوم شاہ کے انتقال سے عالم اسلام ایک مدبر اور اعلیٰ رہنما سے محروم ہو گیا ہے جس کی تلافی کیلئے مدت درکار ہوگی۔ حریت کانفرنس جموں و کشمیر کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے اپنے بیان میں شاہ عبداللہ کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام کے لئے مرحوم اور ان کے خاندان کی دینی و سیاسی خدمات لائق تحسین ہیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں ظفر اکبر بٹ اور جاوید احمد میرنے شاہ عبداللہ کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سعودی عوام اور مرحوم کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ہے۔ جمعیت اہلحدیث حدیث جموں کشمیر کے صدر الشیخ غلام محمد بٹ المدنی، ناظم اعلی ڈاکٹر عبد اللطیف الکندی اور دیگر رہنماؤں نے شاہ محمد عبداللہ کی وفات پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کی دعا کی ہے۔