تحریک حرمت رسول ﷺکی طرف سے گستاخانہ خاکوں کے خلاف مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے جاری

ہفتہ 24 جنوری 2015 17:36

لاہور /فیصل آباد /راولپنڈی /کراچی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) تحریک حرمت رسول ﷺپاکستان کی طرف سے ہفتہ کو بھی گستاخانہ خاکوں کے خلاف متعدد شہروں میں احتجاجی مظاہروں اور حرمت رسول ﷺ کانفرنسوں لے انعقاد کا سلسلہ جاری رہا ،گیاجن میں طلباء، وکلاء، تاجروں اور سول سوسائٹی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

جماعةالدعوة کے شعبہ المحمدیہ سپیشل پرسن کے تحت گونگے ، بہرے اور نابینا افرا د آج ( اتوار ) لاہور میں پریس کلب کے باہر توہین آمیز خاکوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کریں گے جبکہ تحریک حرمت رسول ﷺ آج 25جنوری اتوار کوشاہراہ قائدین کراچی میں بڑا حرمت رسول ﷺ مارچ کرے گی جس میں قومی مذہبی وسیاسی قائدین شریک ہوں گے۔

(جاری ہے)

مارچ میں کراچی اور گردونواح سے محبان رسول ﷺ کی بہت بڑی تعداد شرکت کرے گی۔

مذہبی و سیاسی جماعتوں کے اتحاد تحریک حرمت رسول ﷺکی جانب سے گذشتہ روز لاہور، فیصل آباد، قصور، ساہیوال، سرگودھا، جھنگ، لودھراں اور راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں حرمت رسول ﷺ کانفرنسوں اور جلسوں کا انعقادکیا گیا جن میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔لاہور کے علاقہ اچھرہ میں خطاب کرتے ہوئے تحریک حرمت رسول ﷺ کے مرکزی رہنما حافظ محمد مسعود نے کہاکہ توہین آمیز خاکوں کی اشاعت پر مسلمان کسی صورت خاموش نہیں رہ سکتے۔

فرقوں سے بلند و بالا ،امت مسلمہ کی نمائندگی کرنے والی عظیم قوت تحریک حرمت رسولﷺ جاری رہے گی۔وہ افغانستان میں جنگ ہار چکے ہر جگہ ہاریں گے۔۔ محمدی یہ جنگ ان شاء اللہ جیتیں گے۔تحریک حرمت رسول ﷺ کے رہنماؤں مولانا غلام قادر سبحانی،مولانا اکرم ربانی،مولانا احمد سعید ملتانی و دیگر نے کہاکہ تحفظ حرمت رسول ﷺ کی ملک گیر تحریک بھرپور انداز میں جاری رکھیں گے۔

تحریک حرمت رسول ﷺ پاکستان کے زیر انتظام آج اتوار کو شاہراہ قائدین کراچی میں بڑا حرمت رسولﷺ مارچ کا انعقاد کیا جائے گا۔شاہراہ قائدین پر مارچ کے اختتام پر جلسہ عام ہو گا جس سے مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے۔حرمت رسولﷺ مارچ میں میں شہر بھر سے سکولز، کالجزاور دینی مدارس کے طلباء ، وکلاء اور تاجر حضرات سمیت تمامتر مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔

اس حوالہ سے وسیع پیمانے پر تیاریاں و انتظامات کئے گئے ہیں۔ تحفظ حرمت رسول ﷺ کے سلسلہ میں ہونے والے مارچ میں شرکت کے حوالہ سے محبان رسول ﷺ میں زبردست جوش و جذبہ پایا جاتا ہے۔تحریک حرمت رسول ﷺ کے رہنماؤں پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، تحریک حرمت رسول ﷺ کے کنوینر مولانا امیر حمزہ، پروفیسر ظفر اقبال، مولانامحمد شمشاد سلفی، مولانا غلام قادر سبحانی، مولانا بشیر احمد خاکی، طاہر طیب بھٹوی، مولانا عبدالعزیز مدنی، خالد سیف الاسلام، مولانا احمد سعید ملتانی، حافظ عبدالغفار بہاولپوری، مولانا اکرم ربانی و دیگر نے فیصل آباد، راولپنڈی، لودھران، راولپنڈی، جھنگ، سرگودھا، قصور، ساہیوال ودیگر شہروں میں حرمت رسول ﷺ کانفرنسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک کے اندر شہر شہر جاکرنبی کریم ﷺ کی حرمت کا دفاع کریں گے اور کر رہے ہیں‘ یہی وجہ ہے کہ اسلام کے دشمن گھبرا رہے ہیں اور اس آواز کو دبادینا چاہتے ہیں۔

فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر دنیا کے مسلمان سراپا احتجاج ہیں۔اس حوالہ سے مسلم حکمرانوں کو بھی جراتمندانہ مئوقف اختیار کرنا چاہئے۔اسلامی سربراہی کانفرنس بلائی جائے ۔یورپی یونین،اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کی اس حوالہ سے خاموشی افسوسناک ہے۔عالمی سطح پر انبیاء کی گستاخی کا قانون بننا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ نام نہاد دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنیو الے مغربی ملکوں کے حکمران شان رسالت ﷺ میں گستاخیاں روکیں۔ عالمی سطح پر تمام انبیاء کی حرمت کے تحفظ کیلئے قانون سازی کی جائے۔ ایسا کرنے سے ہی دنیا میں حقیقی امن قائم ہو سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :