پاکستان اپنی ضروریات سے دوگنا زائد چاول پیدا کرکے دو ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل کرتا ہے،پروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں

ہفتہ 24 جنوری 2015 20:09

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آبا د کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں نے کہا کہ پاکستان اپنی ضروریات سے دوگنا زائد چاول پیدا کرکے دو ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل کرتا ہے جبکہ خوردنی تیل اور دالوں کی درآمد پر 4ارب ڈالر سالانہ خرچ کیا جاتا ہے ،حکومت کو زرعی پیداوار کیلئے متوازن منصوبے تشکیل دینا ہونگے، چین کی وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی مدد سے پنجاب بائیوانرجی انسٹی ٹیوٹ متبادل ذرائع توانائی کا 100کلوواٹ منصوبہ نہ صرف ملک میں افرادی قوت تیار کرنے کے حوالے سے سنگ میل ثابت ہوگا بلکہ انرجی سسٹم انجینئرنگ کا چار سالہ ڈگری پروگرام بھی اس کے ذریعے نئے امکانات سے ہمکنار ہوسکے گا۔

پاکستان میں سمٹتے ہوئے آبی وسائل کے تناظر میں ہمیں چاول کی فصل کیلئے نئی منصوبہ بندی کرنا ہوگی ۔

(جاری ہے)

دنیا بھر میں بارشوں کیلئے سازگار علاقوں میں چاول کاشت کیا جاتا ہے جبکہ پاکستان میں اس کے برعکس میدانی علاقوں کومنتخب کیا گیا ہے جہاں 150لیٹرپانی سے ایک کلوچاول پیداکیا جا رہا ہے جس قطعی طور پر موزوں قرار نہیں دیا جاسکتا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں قائد ا عظم سولر پارک کے جرمن ایڈوائزر گریمن ڈریس مین سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر گریمن ڈریس مین نے کہا کہ پاکستان میں سولرانرجی سے زرعی آبپاشی سمیت توانائی کی گھریلوضروریات پوری کرنے کے امکانات دوسرے ممالک کے مقابلہ میں زیادہ ہیں جن سے فائدہ اٹھایا جانا چاہئے ،سولر انرجی ابتدائی طور پر زیادہ وسائل سے نصب کی جاتی ہے جبکہ آنے والے سالوں میں اس کے اخراجات انتہائی کم ہوجاتے ہیں جس سے کاشتکاروں کو نہ صرف سولر ٹیوب ویل لگانے کیلئے سوچنا چاہئے بلکہ ڈرپ اری گیشن کا سسٹم بھی اس پر منتقل کرنے پر توجہ دی جانی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ بہاولپور میں قائد اعظم سولر پارک کے ذریعے پاکستان میں شمسی توانائی کا ایک نیا دور شروع ہوگا جس کے صنعت و زراعت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ قبل ازیں یو۔ ملاقات میں قائد اعظم سولرپارک نیشنل ایڈوائزر راشد مجید‘ ڈین کلیہ زرعی انجینئرنگ پروفیسرڈاکٹر اللہ بخش نون‘ ڈاکٹر انجم منیر‘ احسن رضا ستار اور رانا خالد محمود بھی موجود تھے۔بعدازاں جرمن وفد نے یونیورسٹی کے بائیوگیس پلانٹ کا دورہ بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :