ملک کی ترقی میں سب سے زیادہ اہمیت تعلیم و ٹیکنالوجی کی ہے،سیکرٹری داخلہ بلوچستان،

حکومت بلوچستان نے اس سال نقل جیسے ناسور کوجڑ سے ختم کرنے کا تہیہ کررکھا ہے، نقل کی روک تھام کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کا آغاز ہوچکا ہے، اکبر حسین درانی

ہفتہ 24 جنوری 2015 20:53

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) سیکرٹری داخلہ اکبر حسین درانی نے کہاہے کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں سب سے زیادہ اہمیت تعلیم و ٹیکنالوجی کی ہے۔ دنیا میں وہی اقوام ترقی کرتی ہیں جو تعلیم وٹیکنالوجی میں سب سے آگے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے بلوچستان اکیڈمی فار نالج ٹیچرز اور نم کے زیراہتمام مینیجرل ٹریننگ پروگرام فار پرنسپلز اینڈ وائس پرنسپلز کے حوالے سے منعقدہ ٹریننگ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی چیز یا ہنر کو سیکھنے کے لئے استاد کی ضرورت ہوتی ہے استاد کے بغیر کوئی کچھ حاصل نہیں کرسکتا۔ تعلیم وٹیکنالوجی میں ملک وقوم کا مستقبل اساتذہ سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہب اور ترقی یافتہ ممالک میں استاد کا مقام سب سے اعلیٰ اور باعزت ہوتا ہے جن قوموں نے استاد کو تکریم وعزت دی وہ قومیں آج ترقی کی اعلیٰ منازل طے کررہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ علم ایک انمول سرمایہ اور لازوال دولت ہے۔ یہی اسے اوج کمال پر پہنچاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو چاہیئے کہ وہ ٹریننگ پروگرام میں بھرپور حصہ لیں تاکہ ان کی استعداد کار میں اضافہ ہو اور وہ بچوں کو اس سے مستفید کرسکیں۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان نے اس سال نقل جیسے ناسور کوجڑ سے ختم کرنے کا تہیہ کررکھا ہے۔

نقل کی روک تھام کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالات جیسے بھی ہوں اسکول یا کالج کبھی بند نہیں ہونے چاہئیں۔ سیکریٹری ہائر ٹیکنیکل ایجوکیشن غلام محمد صابر نے کہا کہ ماں کی گود سے لے کر قبر تک انسان سیکھتا رہتا ہے اور علم کی تشنگی کبھی ختم نہیں ہوتی، علم ایک ایسا سمندر ہے جس سے کچھ نہ کچھ انسان کو روز نیا ملتاہے اور یہ سلسلہ مرنے تک جاری رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ بچوں کی حاضری کو یقینی بنائیں اور خود بھی حاضر رہیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر بیکٹ پروفیسر بختیار نے بیکٹ کی کارکردگی پر تفصیلاً روشنی ڈالی۔ آخر میں ٹریننگ کے شرکاء میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے۔