فرانسیسی جریدے پر حملہ ا مریکی وصیہونی ڈرامہ ہے جس کا مقصد دنیا کو خوفناک جنگ کی جانب دھکیلنا ہے،آغا حامد موسوی ،

کسی گروہ کی فکر و منفی اقدامات کو تمام مسلمانوں سے نہ جو ڑا جائے،برداشت کا سبق دینے کے بجائے مسلمانوں کے دینی جذبات کا احترام کیا جائے، امریکہ نے ہی پاک سرزمین پردہشت گردی کے اڈے قائم کئے جوہزاروں پاکستانیوں کو نگل چکے ہیں،چہلم شہدائے دین و وطن آرگنائزنگ کمیٹی سے خطاب

ہفتہ 24 جنوری 2015 21:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلی ٰ و تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ فرانسیسی جریدے چارلی ہیبڈو پر حملہ نائن الیون اور ممبئی حملوں کی طرح ا مریکی و صیہونی ڈرامہ ہے جس کا مقصد عیسائیت و اسلام کے درمیان خلیج پیدا کرکے دنیا کو خوفناک جنگ کی جانب دھکیلنا ہے تاکہ انسانیت کو جنگ کی بھٹی میں جھونک کر صیہونیت کو تقویت دی جائے،کسی مخصوص گروہ کی فکر سوچ اور منفی اقدامات کو تمام مسلمانوں سے نہ جو ڑا جائے ، مسلم حکمران اپنی حکمرانی کے بچاوٴ کیلئے لارنس آف عریبیہ کا گھناوٴ نا کردار دہرا رہے ہیں، مسلمانوں کے جذبات مجروح کرکے مسلم جوانوں کو انتہا پسندی کی جانب دھکیلا جارہا ہے ، برداشت کا سبق دینے کے بجائے مسلمانوں کے دینی جذبات کا احترام کیا جائے ،ہو لوکاسٹ کے خلاف بات کرنے کو جرم گرداننے والے مغربی ممالک مسلمانوں سمیت دیگر مذاہب کے خلاف ہرزہ سرائی کے خلاف بھی قانون سازی کریں،پاکستان میں دہشت گردوں کی آماجگاہیں ختم کرنے کی باتیں کرنے والے امریکہ نے ہی افغان جہاد کی آڑ میں پاک سرزمین پردہشت گردی کے اڈے قائم کئے جو50 ہزار بے گناہ پاکستانیوں کو نگل چکے ہیں،افواج پاکستان نے عالمی طاقتوں کے منصوبے خاک میں ملا دےئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمگیر چہلم شہدائے دین و وطن آرگنائزنگ کمیٹی کے ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ اوبامہ کا سٹیٹ آف دی یونین خطاب اس بات کی طرف اشارہ کررہا ہے کہ امریکہ تقسیم کرو اور حکومت کرو کے اصول پر عمل کرتے ہوئے ساری دنیا پر اپنا تسلط جمانا چاہتا ہے اور دوسرا دنیا میں انتشار پھیلا کر اپنے اندرونی حالات سے توجہ ہتانا چاہتا ہے سیاہ فام امریکیوں کے ساتھ تعصب اور زیادتیوں سے امریکی نظام کا پر لگا ماسک اتر گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ چارلی ہیبڈو حملے کی سازش کا اعتراف فرانس فرنٹ نیشنل پارٹی کے رہنما نے بھی کیا ہے، فلسطینی ریاست کے تسلیم کئے جانے پر اسرائیل وامریکہ فرانس سے نا خوش تھے فرانسیسی جریدے پر حملہ بھی اسی سازش کا شاخسانہ ہے توہین آمیز خاکوں کی دوبارہ اشاعت اسلام و اہل اسلام کے خلاف دہشت گردی ہے جس نے مغربی صحافت کا پول کھول کر رکھ دیا ہے ،حملہ آوروں کے شناختی کارڈ ملنا مضحکہ خیز ہے انسانی حقوق کے ٹھیکیداروں نے ایک ارب ستر کروڑ مسلمانوں کی دل آزاری کو چنداں اہمیت نہ دی فرانس بلجیم اور دیگر یورپی ممالک میں مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کیا جارہا ہے ۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ پیر س میں گستاخانہ خاکے شائع کرنے والے جریدے پرحملے کے بعد یہ امید پیدا ہو چلی تھی کہ فرانس اور مغربی میڈیا واقعہ سے سبق حاصل کرکے ایسے اقدامات کرے گا کہ جس سے آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے اور مذاہب کو قریب لایا جا سکے ۔بعض مسلم ممالک کے سربراہان دہشت گردی کے خلاف مظاہرے میں شریک ہوئے لیکن اسے مسلمانوں کی کمزوری سمجھتے ہوئے بے حرمتی اور توہین کے تمام سابقہ ریکار ڈ توڑ ڈالے گئے یہ اقدام گستاخانہ دہشت گردی کرنے والوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے والے مسلم ممالک کے منہ پر زور دار طمانچہ اور پورے عالم اسلام کی غیرت کیلئے چیلنج ہے ۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ بانی اسلام حضرت محمد مصطفی کی حیات طیبہ گواہ ہے کہ انہوں نے کبھی جارحیت نہیں کی اور ہمیشہ صلح و آشتی کو ترجیح دی جس پر اعلان نبوت سے قبل حلف الفضول معاہدہ ،مدینہ آمد کے بعد میثاق مدینہ ،صلح حدیبیہ اور فتح مکہ گواہ ہیں یہ تمام معاہدات پوری انسانیت کیلئے امن کا چارٹر ہیں ۔فتح مکہ کے بعد رسول خدا نے ان کفار سے بھی نرمی برتی جنہوں نے آپ پر عرصہ حیات تنگ کر دیا تھاجن کے سبب آپ کو مکہ چھوڑنا پڑا دوسری جانب عالم کفر نے ہمیشہ اشتعال انگیز پالیسی اپنائی اور اسلام پیغمبر اسلام انبیاء و مشاہیر کی بے حرمتی کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا نشانہ بننے والے شہدائے دین و وطن کا بے گناہ خون ضرور رنگ لائے گا افواج پاکستان کی پشت پر پوری قوم کھڑی ہے اس موقع پر شہدا کی بلندی درجات کیلئے دعا کی گئی ۔درایں اثنا ٹی این ایف جے کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ ہفتہ کو بھی جاری رہا۔

متعلقہ عنوان :