ڈاکٹر رمین کور کی سربراہی میں ہندو وفد کی سندھ انتظامیہ سے ملاقات ،سکیورٹی کے مسئلے پر بات چیت ،

ایک ماہ کے اندر صوبے بھر کے مذہبی اقلیتی مقامات کو رجسٹرکرکے سیکورٹی یقینی بنائی جائے گی ، سندھ انتظامیہ

ہفتہ 24 جنوری 2015 21:44

اسلام آباد/کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) پاکستان ہندوکونسل کے سرپرستِ اعلیٰ اور ممبرقومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی کی سربراہی میں ہندو وفد نے سندھ انتظامیہ سے اہم ملاقات کی  ملاقات کا انعقاد سپریم کورٹ کے اقلیتوں کے تحفظ کیلئے 19 جون کے تفصیلی فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے کے حوالے سے 13جنوری کی حالیہ سماعت کے دوران جاری کردہ احکامات کی روشنی میں کیا گیا۔

ہفتہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق ہندو وفد کی قیادت پاکستان ہندوکونسل کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی نے کی جبکہ حکومتِ سندھ کی جانب سے چیف سیکرٹری فہد سلیم، سیکرٹری لاء، سیکرٹری ایجوکیشن، سیکرٹری مینارٹیز، سیکرٹری انفارمیشن، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، سیکرٹری جنرل ایڈمنسٹریشن، سیکرٹری کلچر، صوبے بھر کے کمشنرز اور انسپکٹرز جنرل پولیس سمیت اعلیٰ حکومتی افسران شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری ایجوکیشن کی جانب سے پاکستان ہندوکونسل کے صدر چیلارام کیلوانی،سیکرٹری جنرل ڈاکٹر دیپک، ہندوجم خانے کے صدر وینوایڈوانی سمیت ہندوبرادری کے نمایاں افراد پر مشتمل وفد کو بتایا گیا کہ پہلی جماعت سے پانچویں تک کا نصابِ تعلیم تبدیل کردیا گیا ہے جبکہ پرائمری سے گریجویشن تک کیلئے تبدیلی کا عمل جاری ہے،اسکولوں و تعلیمی اداروں میں ہندو اساتذہ کی تعیناتی کے حوالے سے ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی اور بشپ ڈینیل صادق کو جلد بریفنگ دی جائے گی۔

سیکرٹری جنرل ایڈمنسٹریشن نے یقین دہانی کرائی کہ ایک ماہ کے اندر صوبے بھر کے مذہبی اقلیتی مقامات کو رجسٹرکرکے سیکورٹی یقینی بنائی جائے گی جبکہ سندھ پولیس خصوصی ٹاسک فورس برائے اقلیتی تحفظ کا قیام بھرتیوں کیلئے اشتہار جاری کرکے ایک ماہ کے اندر عمل میں لائے گی۔ سیکرٹری جنرل ایڈمنسٹریشن کا کہنا تھا کہ سرکاری نوکریوں میں اقلیتوں کے مختص پانچ فیصد کوٹہ اور معذوروں کیلئے دوفیصد کوٹہ یقینی بنانے کیلئے محکمہ جات کو لیٹر ایشو کیے جائیں گے۔

اس موقع پر سیکرٹری انفارمیشن نے یقین دہانی کرائی کہ اس سلسلے میں کوٹے سے متعلقہ تفصیلات چیک کیے بغیر اشتہارات جاری نہیں کیے جائیں گے۔ سیکرٹری لوکل گونمنٹ نے اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ نادرا سرٹیفکیٹ میں ڈاکٹر رمیش کمار کی طرف سے نشاندہی کردہ غلطیوں کی اصلاح کی جائے گی، ہندوجم خانے کی حوالگی کے حوالے سے سیکرٹری کلچر، سیکرٹری مینارٹیز ڈاکٹر رمیش کمار سے اگلی ملاقات میں تبادلہ خیال کرکے بریفنگ دیں گے۔

متعلقہ عنوان :