سکھر،تنظیم اصلاح الفقراء حسینیہ کے زیر اہتمام میلاد مصطفی کے 30 روزہ پروگرامات کا سلسلہ جاری

ہفتہ 24 جنوری 2015 22:43

سکھر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء)تنظیم اصلاح الفقراء حسینیہ سکھر کے زیر اہتمام میلاد مصطفیﷺ کے 30 روزہ پروگرامات کا سلسلہ جاری ہے،اس سلسلہ میں تیرچوک میں میلاد مصطفی ﷺ کی محافل ہوئی، مفتی محمدعارف سعیدی نے خصوصی خطاب اورمولانا اللہ وسایا انڈھر نے صدارتی خطاب کیا جبکہ مہمان نعت خواں زاہد معصومی تھے، جبکہ دیگر مہمانان گرامی میں حاجی غلام شبیر بھٹو،حاجی منظور حسین حسینی، محمد اطہراللہ حسینی،طاہر شاہ حسینی، فہد بھٹو،یاورجبار،حاجی عباس، اور حسینی جماعت کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

محافل میلاد ﷺکے مقررین نے شان رسالت ﷺ پر روشنی ڈالی اور گلہائے عقیدت پیش کی۔ مفتی عارف سعیدی نے شان مصطفی ﷺبیان کی اور کہاکہ ربیع الاول نہ صرف اسلامی تاریخ بلکہ تاریخ انسانیت کا وہ عظیم مہینہ ہے جس میں سرور کونین ﷺ کی ولادت ہوئی یہ ایک ایسی سعادت ہے جس کے برابر کوئی اور سعادت نہیں ہوسکتی ،جشن وچراغاں پر توجہ کے بجائے حضور کی روشن تعلیمات کو عام کیاجائے،ربیع الاول ہمیں باہم اتفاق واتحاد باہم یگانگت کا درس دیتاہے اسوا نبی ﷺ پر عمل کرکے ہی امت مسلمہ ترقی کرسکتی ہے آپ کی تعلیمات اور شخصیت کا اعتراف دنیا کا ہر فرد کرتاہے ۔

(جاری ہے)

مولانا اللہ وسایا انڈھر نے اپنے خطاب میں کہا کہ کائنات کی عظیم ترین خوشی عید میلادالنبیﷺ ہے اور آپﷺ کا خطبہ حجتہ الوداع چارٹر آف عالمی امن کی حیثیت رکھتاہے، اسی خطبہ حجتہ الوادع پر عمل کرکے دنیا کو امن و انصاف کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے، قرآن وسنت کی تعلیمات کو لے کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے ملک میں انتشار کے خاتمے کے لیے تعلیمات نبوی کو عام کرنا ہوگا،آخرمیں اسلام کی سر بلندی، اسلامی جمہوریہ پاکستان میں امن و سلامتی و امن امان کے قیام خوشحالی اور پشاور آرمی پبلک اسکول کے شہداء کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعائیں گی گئیں۔