کراچی اسٹاک مارکیٹ نے گذشتہ کاروباری ہفتہ میں بھی نئے ریکارڈ کی روایت برقراررکھی،

کے ایس ای 100 انڈیکس 34000پوائنٹس کی نئی ریکارڈ سطح پر بند

ہفتہ 24 جنوری 2015 22:53

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) کراچی اسٹاک مارکیٹ نے گذشتہ کاروباری ہفتہ کے دوران بھی نئے ریکارڈ بنانے کی روایت کوبرقراررکھا۔ کاروباری تیزی کے ساتھ کے ایس ای 100 انڈیکس 34414 پوائنٹس کے تاریخی سطح کو چھونے کے بعد 34000پوائنٹس کی نئی ریکارڈ سطح پر بندہوا۔ تیزی کے سبب سرمائے کے حجم میں 29 ارب سے زائد روپے کااضافہ ریکارڈ کیاگیا ۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ کاروباری ہفتہ کے دوران کاروبار کا آغازتیزی کے ساتھ ہواسرمایہ کار منافع بخش شعبوں کے حصص کی خریداری میں سرگرم دکھائی دیئے جس کے باعث ٹریڈنگ کے دوران اورکے ایس ای 100 انڈیکس 34000پوائنٹس کی ریکارڈ سطح کو عبور کرتا ہوا 34414.30 پوائنٹس پر جا پہنچا تاہم دوروزہ مندی کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس 302.91 پوائنٹس گھٹ گیا جس کی وجہ انسٹی ٹیوشنز اور بروکریج ہاؤسز کی جانب سے منافع کی خاطر فروخت کادباؤ ہے ، غیر ملکی اور ملکی بڑےء سرمایہ کاروں کی مارکیٹ میں دلچسپی برقرار رہنے سے مجموعی طور پر تیزی کارجحان دیکھا گیا۔

(جاری ہے)

کراچی اسٹاک مارکیٹ کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گذشتہ ہفتہ کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں240.15 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا جس کے بعد انڈیکس 33786.44 پوائنٹس سے بڑھ کر 34026.59 پوائنٹس پربند ہوا اسی طرح 304.88 پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30 انڈیکس 21799.48 پوائنٹس سے بڑھ کر 22104.36 پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 24446.87 پوائنٹس سے بڑھ کر 24544.87 پوائنٹس پر جاپہنچا۔

تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 29 ارب 84 کروڑ 14 لاکھ 35 ہزار 183 روپے کااضافہ ریکارڈ کیاگیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کامجموعی سرمایہ 77 کھرب 10 ارب 52 کروڑ 49 لاکھ 47 ہزار 430 روپے سے بڑھ کر 77 کھرب 40 ارب 36 کروڑ 63لاکھ 82 ہزار 613 روپے ہوگیا۔ گذشتہ ہفتہ جمعہ کو کم سے کم کاروباری لین دین 22 کروڑ 72 لاکھ شیئرز رہا اس روز ٹریڈنگ ویلیوبھی 13 ارب روپے تک محدود دیکھا گیا جبکہ بدھ کو زیادہ سے زیادہ کاروباری لین دین 35 کروڑ 54 لاکھ شیئرز ریکارڈ ہوا اورٹریڈنگ ویلیو 21 ارب روپے کی سطح پردیکھاگیا۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق مارکیٹ میں مجموعی طور پر 1953 کمپنیوں کاکاروبار ہوا جس میں سے 806 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 1055 میں کمی اور92 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا کاروبار کے لحاظ سے جہانگیر صدیق کمپنی، پی آئی اے، بائیکو پیٹرولیم، کے الیکٹرک، پاک الیکٹرون، میپل لیف سیمنٹ، جہانگیر صدیق کمپنی، ہم نیٹ ورک، فوجی فرٹیلائزر، لافارج پاک ،لوٹے کیمیکل اور ڈسکون کیمیکل سرفہرست رہے۔

متعلقہ عنوان :