باراک اوبامہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارتی قیادت پر دباؤ ڈالیں، شبیر شاہ، جاوید میر،

باراک اوباما دورہ بھارت کے دوران مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارتی قیادت پر دباؤ ڈالیں، شبیر شاہ، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشثیاء میں دیرپا امن کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا،مسئلہ کشمیر نیوکلیئر فلش پوائنٹ ہے حل کئے بغیر خطہ میں دیرپا امن ہرگز قائم نہیں ہوسکتا، سربراہ ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی، امریکہ بھارت کو باور کرائے جنوبی ایشیاء میں دیرپا امن کے قیام کیلئے تنازعہ کشمیر کا حل ضروری ہے، جاوید احمد میر

ہفتہ 24 جنوری 2015 23:15

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ نے امریکی صدر باراک اوبامہ پر زور دیا ہے کہ دورہ بھارت کے دوران وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارتی قیادت پر دباؤ ڈالیں،مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیاء میں دیرپا امن کا خواب ہر گز شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ شبیر احمد شاہ نے اپنے بیان میں صدر اوبامہ کو یاد دلایا کہ صدارتی انتخابات کی مہم کے دوران انہوں نے کہا تھا کہ امریکہ کی قیادت سنبھالتے ہی وہ بھارت اور پاکستان کے درمیان موجود تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے ایک صلح کار کی تعیناتی عمل میں لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک نیوکلیئر فلیش پوائنٹ ہے جسے حل کئے بغیر خطہ میں دیرپا امن ہر گز قائم نہیں ہو سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے حل میں بھارت کی ہٹ دھرمی بنیادی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی قیادت نے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان کی کوششوں کا کبھی بھی مثبت جواب نہیں دیا۔ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی سرحدی کشیدگی پر تشویش ظاہر کی ۔

دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما جاوید احمد میر نے سرینگر میں جاری بیان میں امید ظاہر کی ہے کہ امریکی صدر باراک اوبامہ 26 جنوری کو دورہ بھارت کے دوران مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارتی قیادت پر دباؤ ڈالیں گے۔ جاوید احمد میر نے کہا کہ کشمیر ایک عالمی تنازعہ ہے۔ انہوں نے کہا موجودہ امریکی صدر باراک اوبامہ سمیت کئی سابق امریکی صدور تنازعہ کشمیر کے حل پر زور دیتے آئے ہیں لیکن یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ یہ تنازعہ گزشتہ 67 برس سے حل طلب ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر صدر اوبامہ واقعی تنازعہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں تو انہیں پاکستان، بھارت اور کشمیری حریت قیادت کو تنازعہ کشمیر پر بات چیت کیلئے ایک میز پر لانا چاہئے۔ جاوید احمد میر نے کہا کہ امریکہ کو چاہئے کہ وہ بھارت کو یہ باور کرائے کہ جنوبی ایشیاء میں دیرپا امن کے قیام کیلئے تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیز ہے لہٰذا اس کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔