ایف بی آر کا مزید 98 ہزار ٹیکس نادہندگان کو نوٹس دینے کا فیصلہ

رواں مالی سال میں قابل ٹیکس آمدنی کے حامل 1لاکھ 9 ہزار ٹیکس نادہندگان کو نوٹس جاری کیے گئے،ایف بی آر ذرائع

اتوار 25 جنوری 2015 12:11

ایف بی آر کا مزید 98 ہزار ٹیکس نادہندگان کو نوٹس دینے کا فیصلہ

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 25جنوری 2015ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)اور اس کے ماتحت اداروں نے 15 ارب روپے کا اضافی ریونیو حاصل کرنے کے لیے قابل ٹیکس آمدنی رکھنے کے باوجود ٹیکس ادا نہ کرنے والے مزید 2 لاکھ 7 ہزار ٹیکس نادہندگان کو رواں مالی سال کے اختتام تک نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ایف بی آر ذرائع کے مطابق رواں مالی سال میں ابھی تک قابل ٹیکس آمدنی کے حامل 1لاکھ 9 ہزار ٹیکس نادہندگان کو نوٹس جاری کیے گئے جن میں سے دسمبر 2014 تک69 ہزار نوٹس ایف بی آر میں قائم ڈائریکٹوریٹ براڈننگ آف ٹیکس بیس جبکہ فیلڈ فارمشنز نے 40ہزار نوٹس جاری کیے گئے ہیں، ڈائریکٹوریٹ براڈننگ آف ٹیکس بیس مزید31 ہزار افراد کو نوٹس جاری کرے گا جبکہ باقی ماندہ 67 ہزار نوٹس فیلڈ فارمشنز کی جانب سے جاری کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ایف بی آر اور اس کے ماتحت اداروں کی جانب سے یہ نوٹس بڑے اور ایسے قابل صلاحیت ٹیکس نادہندگان کو بھجوائے جارہے ہیں جو پوش علاقوں میں رہتے ہیں اور پرتعیش زندگی گزار رہے ہیں، تسلسل کے ساتھ بیرون ملک سفر کرنے کے علاوہ بڑی بڑی گاڑیوں اور جائیدادوں کے مالک ہیں لیکن ٹیکس ادا نہیں کررہے۔ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر اور اس کے ماتحت اداروں کی طرف سے گزشتہ مالی سال بھجوائے جانے والے 1لاکھ کے لگ بھگ نوٹسز میں سے51 ہزار نوٹس واپس آگئے جو متعلقہ لوگوں نے وصول نہیں کیے ہیں، اب یہ نوٹس سافٹ ویئر کے ذریعے متعلقہ کمشنرز ان لینڈ ریونیو براڈننگ آف ٹیکس بیس کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ متعلقہ لوگوں کو یہ نوٹس فوری طور پر وصول کرائے جاسکیں۔

ذرائع نے بتایا کہ اگر براڈننگ آف ٹیکس بیس کے تحت بھجوائے جانے والے نوٹسز کے کیسوں کی موثر مانیٹرنگ کی جائے اور متعلقہ افسران کی جانب سے معیاری اسیسمنٹ آرڈرز و ترمیمی اسیسمنٹ آرڈرز جاری کیے جائیں تو اس سے رواں مالی سال کے اختتام تک 10سے 15ارب روپے کا اضافی ریونیو حاصل کیا جاسکتا ہے۔ذرائع نے مزید بتایاکہ اس سے قبل براڈننگ آف ٹیکس بیس کے جاری کردہ کیسوں میں متعدد کے خلاف اسیسمنٹ آرڈرز کا اجرا کیاگیا اور بقایا جات کی ڈیمانڈ ریز کی گئی ہے جن میں 10ارب روپے کے آرڈرز زیر التوا ہیں جن کی پیروی کرکے یہ واجبات ریکور کیے جاسکتے ہیں اورمذکورہ دونوں اقدامات سے رواں مالی سال کے اختتام تک مجموعی طور پر 20 سے25ارب روپے کا اضافی ریونیو حاصل کیا جاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :