پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام ”کل جماعتی کانفرنس “( کل)اسلام آباد میں ہو گی

کانفرنس میں 28 سے زائد مذہبی و سیاسی جماعتوں کے نمائندے اور غیر مسلم مذاہب کے قائدین شریک ہوں گے

اتوار 25 جنوری 2015 14:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 25جنوری 2015ء) پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام ملک کی موجودہ صورتحال اور توہین آمیز خاکوں کے خلاف ”کل جماعتی کانفرنس “ کل( 26 جنوری بروز پیر) اسلام آباد میں ہو گی ۔ کانفرنس میں 28 سے زائد مذہبی و سیاسی جماعتوں کے نمائندے اور غیر مسلم مذاہب کے قائدین شریک ہوں گے۔پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کانفرنس کی انتظامی اور رابطہ کمیٹی کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ توہین آمیز خاکوں کی مسلسل اشاعت دنیا میں امن پسند قوتوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے ۔

اسلام تمام مذاہب کے مقدسات کے احترام کا درس دیتا ہے اور جو لوگ انبیاء ، آسمانی کتب اور مذاہب کے مقدسات کی توہین کرتے ہیں وہ دراصل دنیا میں مختلف مذاہب اور تہذیبوں کے درمیان تصادم پیدا کرنا چاہتے ہیں، ان کوششوں کو روکنے کے لیے نہ صرف امن پسند عوام بلکہ مسلم دنیا اور غیر مسلم دنیا کے حکمرانوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام ہونے والی کل جماعتی کانفرنس توہین آمیز خاکوں کے خلاف اور تمام مذاہب کے مقدسات کے احترام کے لیے ایک متفقہ لائحہ عمل تیار کرے گی۔

اجلاس میں مولانا ڈاکٹر احمد علی سراج،صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی، حافظ محمد امجد ، مولانا نعمان حاشر ، مولانا عبد الحمید صابری ،مولانا محمد مشتاق لاہوری اور دیگر قائدین موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :