Live Updates

حکمران ” کمیشن “ بنانے سے توجہ ہٹائیں گے تو پی ٹی آئی کے جوڈیشل کمشن کے مطالبے پر غور کرینگے ‘جمشید اقبال چیمہ

ڈیڑھ ماہ میں تیسری بار ملک بھر میں بجلی کے بریک ڈاؤن نے (ن) لیگ کے ”تجربہ کار“ ہونے کا پول کھول کر رکھ دیا پیپلز پارٹی اپوزیشن نہیں حکومت کی کلائی کی گھڑی ،لگتا ہے اسحاق ڈار نے اسٹیٹ بینک کی گورنر شپ پر بھی نظریں جما لی ہیں‘ مرکزی رہنما پی ٹی آئی

اتوار 25 جنوری 2015 14:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 25جنوری 2015ء ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ ملک میں مسلم لیگ (ن) کی نہیں بلکہ آئی ایم ایف کی حکومت ہے ،موجودہ حکمرانوں کی ساری توجہ صرف ” کمیشن “ بنانے پر مرکوز ہے اس سے توجہ ہٹے گی تو وہ پی ٹی آئی کے جوڈیشل کمشن کے مطالبے پر غور کرینگے ،پیپلز پارٹی اپوزیشن نہیں بلکہ حکومت کی کلائی کی گھڑی ہے ۔

اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ ڈیڑھ ماہ میں تیسری بار ملک بھر میں بجلی کے بریک ڈاؤن نے (ن) لیگ کے ”تجربہ کار“ ہونے کا پول کھول کر رکھ دیا ہے ۔موجودہ حکومت کے دور میں جتنے بحرانوں نے سر اٹھایا ہے تاریخ میں اسکی کوئی مثال نہیں ملتی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ” تکالیف “ دینے کی پالیسی پرعمل پیرا ہے جس کا اسے جلد حساب دینا پڑے گا ۔

موجودہ حکومت کے دور میں ایک دن بھی ایسا نہیں گزرا جب عوام کو چین نصیب ہوا ہو لیکن حیرت ہے کہ حکمران سب اچھا کی رپورٹ دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اپنی کوئی پالیسی نہیں بلکہ پاکستان کو آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر چلایا جارہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پی ٹی آئی کی صبر و تحمل کی پالیسی کو کمزوری سمجھ رہی ہے اسی لئے عام انتخابات میں ہونیوالی دھاندلی کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمشن کے قیام میں لیت و لعل سے کام لیا جارہا ہے ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ اسحاق ڈار کی طرف سے اسٹیٹ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے جاری اجلاس کے دوران ہی پریس کانفرنس کر کے مانیٹری پالیسی کااعلان کر دینا ظاہر کرتا ہے کہ انہوں نے اب اسٹیٹ بینک کی گورنر شپ پر بھی نظریں جما لی ہیں ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات