گل افضل نے یاسر ندیم کو ہرا کرچوتھی اسلام آباد سنوکر چیمپیئن شپ جیت لی

آذر بائیجان کے سفیر داشگن سخاروف مہمان خصوصی تھے کھلاڑیوں میں شیلڈز اور ایک لاکھ روپے کے کیش ایوارڈز بھی تقسیم کئے

اتوار 25 جنوری 2015 14:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 25جنوری 2015ء) اسلام آباد بلیرڈز ایند سنوکر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ چوتھی اسلام آباد سنوکر چیمپیئن شپ کے فائنل میں گل افضل نے یاسر ندیم کو دو کے مقابلے میں چار فریم سے ہرا کر 2015ء کا چیمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ فائنل کھیلنے والے دونوں کھلاڑی 31جنوری سے کراچی میں شروع ہونے والی نیشنل رینکنگ چیمپیئن شپ میں اسلام آباد کی نمائندگی کریں گے۔

پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے بلیرڈز اینڈ سنوکر ہال میں ہونے والے فائنل میچ کے مہمان خصوصی آذر بائیجان کے سفیرہز ایکسی لینسی داشگن سخاروف تھے جنہوں نے میچ کے اختتام پر کھلاڑیوں میں شیلڈز اور ایک لاکھ روپے کے لگ بھگ کیش ایوارڈز تقسیم کئے۔ اسلام آباد جونیئر انڈر21-سنوکر چیمپیئن شپ کے فاتح محمد نعمان اقبال اوررنرز اپ محمد حسن انورکو بھی کیش ایواردیئے گئے۔

(جاری ہے)

فائنل میچ کے دوران یاسر ندیم نے چیمپیئن شپ کی سب سے بڑی 55کی بریک بھی کھیلی۔ اس سے قبل پری کوارٹر فائنل میں محسن نے بھی51کی بریک کھیلی تھی۔فائنل میچ پاکستان سپورٹس بورڈ کے اعجاز احمدنے سپروائز کیا۔ چیمپیئن شپ میں اسلام آباد کے 100سے زائد کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ ابتدائی راؤنڈ کے میچز اسلام آباد کے مختلف سنوکر کلبس میں جبکہ ٹاپ 32کھلاڑیوں کا فائنل راؤنڈ پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں کھیلا گیا۔

تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے آذر بائیجان کے سفیر داشگن سخاروف نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان دو اسلامی ملک ہین اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات استوار ہیں ۔میری کوشش ہے کہ آنے والے دنوں میں دونوں ممالک کے مابین باہمی تعاون اور اور زیادہ فروغ حاسل ہو۔ انہوں نے اسلام آباد میں سنوکر کے بہترین معیار پر کھلاڑیوں اور اسلام آباد بلیرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر شہزاد وسیم کو بالخصوص مبارکباد دی۔

ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارے دو جونیئر کھلاڑیوں نے کراچی میں منعقدہ نیشنل رینکنگ جونیئر سنوکر چیمپیئن شپ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا امید ہے کہ اس سال قومی سینئر رینکنگ میں بھی ہمارے سینئرکھلاڑی گل افضل اور یاسر ندیم بھرپور پرفارمنس دیں گے۔ ایسوسی ایشن کے سیکر ٹری محمد فہیم انور نے چیمپیئن شپ رپورٹ پیش کر تے ہوئے پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اختر نواز گنجیرا، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل آغا امجد اللہ، ٹیکنیکل آفیشلز اور دیگر سٹاف سمیت پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کا شکریہ ادا کیا۔

فائنل کے موقع پر ایسو سی ایشن کے سینئر نائب صدر سلیم اختر رانا، اور اسلام آباد کے کھلاڑیوں کی جانب سے دو دفعہ کے قومی چمپیئن اور ایشیئن گیمز برونز میڈلسٹ شاہرام چنگیزی نے مہمان خصوصی کو گلدستے پیش کئے۔ فائنل کو شائقین کی ایک بڑی تعداد نے دیکھا۔فائنل سے قبل سیمی فائنل میچز میں گل افضل نے شہر یار امتیاز شیری کو اور یاسر ندیم نے راجہ راشد کو شکست دی۔ چیمپیئن شپ میں 100سے زائد کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ ٹاپ 32کھلاڑیوں کا فائنل راؤنڈ پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے سنوکر ہال میں کھیلا گیا۔چیمپیئن شپ کا فائنل کھیلنے والے دونوں کھلاڑی 31جنوری سے کراچی میں شروع ہونے والی نیشنل رینکنگ چیمپیئن شپ میں اسلام آباد کی نمائندگی کریں گے۔

متعلقہ عنوان :