بھارت جمہوریت کے پیرہن میں چھپا ہوا کشمیری عوام کاقاتل ہے چوہدری برجیس طاہر

بھارت کا 26جنوری کو یوم جمہوریہ منانا جمہوریت کے منہ پر طمانچہ ہے  بیان

اتوار 25 جنوری 2015 15:04

سانگلہ ہل(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 25جنوری 2015ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ بھارت جمہوریت کے پیرہن میں چھپا ہوا ایک قاتل ہے جو مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہے۔ بھارت کی جانب سے 26جنوری کو یوم جمہوریہ منانا جمہوریت اور جمہوری روایات کے منہ پر طمانچے کے مترادف ہے۔

جب تک بھارت کشمیر میں استصواب رائے نہیں کراتا تب تک اس کا یوم جمہوریہ منانا کوئی حیثیت نہیں رکھتا۔ بھارت جمہوریت کا جس قدر مرضی پرچار کر لے دنیا اس کا اصلی چہرہ دیکھ چکی ہے۔ وہ اپنی رہائش گاہ پر بھارت کے یوم جمہوریہ کے حوالے سے صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت خود مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ میں لے کر گیا۔

(جاری ہے)

کشمیر کے اوپر سلامتی کونسل کی واضح قراردادیں موجود ہیں جن کو بھارت نے تسلیم کر رکھا ہے۔ پاکستان آج بھی اقوام متحدہ کی قراردوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے مطالبے پر قائم ہے۔ جبکہ بھارت نے پہلے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو تسلیم کیا اور بعد ازاں ان سے مکر گیا اور اٹوٹ انگ کا راگ الاپنے لگا۔ اب تو بھارت کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو ہی تسلیم کرنے سے انکاری ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عالمی برادری اور خصوصاامریکہ اقوام عالم میں اپنی ممتاز حیثیت کے باعث اپنی سفارتی ذمہ داریاں ادا کرے۔ بھارت ایک طرف تو کشمیر میں قتل و غارت گری میں مصروف ہے جبکہ دوسری جانب دنیا کو اپنا جمہوری چہرہ دکھانے کی کوشش کر رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :