ایبٹ آباد، ہوٹل ایسوسی ایشن کے صدر خالد خان فوارہ چوک میں قتل

کینٹ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی

اتوار 25 جنوری 2015 15:39

ایبٹ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 25جنوری 2015ء) ہوٹل ایسوسی ایشن کے صدر خالد خان کو فوارہ چوک میں گولیاں مار کر قتل کردیاگیا۔ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب۔اس ضمن میں پولیس اور مقامی ذرائع نے بتایا کہ ہوٹل ایسوسی ایشن کے صدر خالد خان جدون حسب عادت صبح چھ بجے اپنے ہوٹل واقع فوارہ چوک میں پہنچے۔ ہوٹل کے ملازم نسیم کے مطابق خالد خان صبح سویرے ہوٹل میں آکر تمام صفائی ستھرائی کا کام خود کرتے ہیں۔

تقریباً ساڑھے چھ بجے دوگاہک ہوٹل میں آئے اور چائے کا آرڈر دیا۔ اس وقت خالد خان اپنے ہوٹل میں لگی ہوئی ایل سی ڈی کی صفائی میں مصروف تھے۔ اسی اثناء میں ایک نقاب پوش شخص ہاتھ میں پستول لئے ہوئے ہوٹل میں داخل ہوا۔ اور آتے ہی کہاکہ اگر کسی نے مجھے روکنے کی کوشش کی تو اس کے ساتھ اچھا نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

نسیم کے مطابق خالد خان نے نامعلوم نقاب پوش سے کہا کہ وہ پستول نیچے کرکے آرام سے بات کرے۔

اتنا کہنے کے بعد حملہ آور نے تین گولیاں خالد خان پر چلادیں جو کہ ان کی چھاتی میں لگیں۔ جس کے نتیجے میں وہ زمین پر گرگئے۔ جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے دوران ایک گولی چائے پینے والے گاہکوں میں سے ایک شخص کی ٹانگ میں لگی۔ تاہم وہ بھی زخمی حالت میں فرار ہوگئے۔ جن کی تلاش کیلئے پولیس کارروائی کرنے میں مصروف ہے۔خالد خان کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچایاگیا۔ تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ خالد خان کی نعش پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ کینٹ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔

متعلقہ عنوان :