امن کا قیام پولیس کی ذمہ داری اور عوام کی جان مال کی حفاظت ہمارا فرض ہے، عبدالرزاق چیمہ

علاقے کے عوام سماجی تنظیموں کی مدد سے علاقے سے جرائم پیشہ افراد اور منشیات فروشوں کا خاتمہ کریں گے،سی سی پی او کوئٹہ

اتوار 25 جنوری 2015 17:35

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 25جنوری 2015ء ) کوئٹہ پولیس آفیسرسی سی پی اوعبدلرزاق چیمہ نے کہا کہ امن وامان کا قیام ہماری ذمہ داری ہے عوام،سماجی تنظیمیں ،نوجوان امن کے قیام ،منشیات ودیگر اخلاقی برائیوں کی بیخ کنی کیلئے ہماراساتھ دیں ۔یونین کونسل کوتوال حلقہ 49، مدنی محلہ ، کلی شالکوٹ ، عمر روڈ وگردونواح میں سٹریٹ کرائمز،چوری ڈکیتی پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں عوام کی مشکلات سے آگاہ ہیں متعلقہ تھانوں کو احکامات جاری کردیے ہیں عوام الناس بھی تھانوں سے رابطہ رکھیں تاکہ شرپسندوں ،چوروں ڈاکوؤں سے نجات ممکن ہوسکیں ۔

تھانوں کے حوالے سے کوئی مشکل ،رپورٹ درج کرنے کے حوالے سے پریشانی یا پولیس کا عدم تعاون ہو تو مجھ سے رابطہ رکھیں نوجوانوں کا سماجی فلاحی کاموں میں دلچسپی خوش آئند ہے اس سے مشکلات میں قابو پایا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے صوبائی انفارمیشن سیکرٹری وشالکوٹ سوشال ویلفیئر سوسائیٹی رجسٹر ڈ کے صدر عبدالولی خان شاکر کی قیادت میں ملنے والے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو میں کہی وفدمیں شالکوٹ سوشل ویلفیئر سوسائیٹی رجسٹر ڈ کے سیکرٹری صلاح الدین کاکڑ ، محمد رحیم ،نعمت اللہ خان ودیگر شامل تھے وفد نے سی سی پی او کو یونین کونسل کوتوال حلقہ 49خصوصاً لنک کوتوال روڈ ، عمر روڈ ،مدنی محلہ ، کریم کوتوال ،کلی شالکوٹ وگردونواح میں آئے دن ڈکیتیوں ، سٹریٹ کرائمز ،موبائل ،موٹر سائیکل ونقدی چھیننے کے واقعات کے تسلسل سے اپنی پریشانی سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے زرغون آباد پولیس اسٹیشن ، بجلی پولیس اسٹیشن کو بھی اپنی پریشانی سے آگاہ کیا ہے مگر تاحال اس میں کمی نہیں آئی ۔

سٹریٹ کرائمز کے واقعات میں کمی کے بجائے اس میں اضافہ ہورہا ہے علاقے میں سٹریٹ لائیٹ نہ ہونے سے بھی عوام پریشان ہیں بعض علاقوں میں ہم نے مجبوری کے تحت چوکیدار بھی رکھ دیے ہیں اور علاقے کے نوجوان بھی رات کو پیرہ دیتے ہیں مگر اب بھی بہت سے علاقوں میں کرائمز تسلسل سے ہورہے ہیں جولمحہ فکریہ ہیں علاقے کے عوام ان واقعات سے بہت پریشان ہیں مغرب کی نماز کے بعدگھر سے نکلنا مشکل ہوگیا ہے علاقے میں بعض واقعات دن کی روشنی میں بھی ہوئے ہیں جولمحہ فکریہ ہے ۔

پولیس تھانے ، سی سی پی او ،آئی جی پولیس ودیگر اعلیٰ حکام ان پریشان کن واقعات کے روک تھا م کیلئے مخلصانہ کام کریں تاکہ عوام کو پریشانیوں سے نجات ملیں ۔ اس موقع پر سی سی پی او نے کہا کہ امن کا قیام پولیس کی ذمہ داری اور عوام کی جان مال کی حفاظت ہمارا فرض ہے ہم علاقے کے عوام سماجی تنظیموں کی مدد سے علاقے سے جرائم پیشہ افراد اور منشیات فروشوں کا خاتمہ کریں گے سیاسی سماجی تنظیمیں اور نوجوان وبزرگ بھی اس سلسلے میں ہمارا ساتھ دیں ۔