شاہد آفریدی کو ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لینا چاہئے ،ورلڈکپ کے بعد ون ڈے ٹیم کی قیادت کرنی چاہئے،راشد لطیف کا مشورہ

اتوار 25 جنوری 2015 19:07

شاہد آفریدی کو ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لینا چاہئے ،ورلڈکپ کے بعد ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔25جنوری۔2015ء) سابق کپتان راشد لطیف نے کہا کہ آل راونڈر شاہد آفریدی کو اپنی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لینا چاہئے اور ورلڈکپ 2015 کے بعد ونڈے ٹیم کی قیادت کرنی چاہئے۔ میڈیا کو ایک انٹرویو کے دوران راشد لطیف نے کہا کہ یاسر شاہ ون ڈے کے اچھے باولر ہیں اور انہیں ایک روزہ میچز کے فارمیٹ میں آزمانا چاہئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹی اور انور علی دونوں کافی نیچے آکر بیٹنگ کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہیں بلے باز کے طور پر ڈویلپ نہیں کیا جاسکا ہے۔ سابق کپتان کا کہنا تھا کہ عبدالرزاق اور اظہر محمود کو اوپر آکر بیٹنگ کے مواقعے دیئے جاتے تھے جس کی وجہ سے ان کی بلے بازی بہتر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم حماد اعظم کو ایک کھلاڑی کے طور پر استعمال کرنے میں ناکام رہے اور یہ آل راونڈر ڈومیسٹک کرکٹ میں نمبر آٹھ یا نو پر بیٹنگ کرتا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ ٹٰم کی جانب سے بطور بیٹسمین نہیں کھیل رہا۔

(جاری ہے)

راشد لطیف نے کہا کہ مصباح الحق ایک تجربہ کار کپتان ہیں مگر وہ ورلڈکپ میں سعید اجمل کی کمی محسوس کریں گے، سعید اجمل اور ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن کے باولنگ ایکشنز میں بہت بڑا فرق ہے۔ ان کے بقول سنیل نارائن اس وقت بھی موثر ثابت ہوتا ہے جب وہ دوسرا نہ کررہا ہو۔ ورلڈکپ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے بارے میں لگتا ہے کہ اس نے مستقبل کے حوالے سے منصوبہ بندی کرتے ہوئے نئے کھلاڑیوں اور ہولڈر کو بطور کپتان متعارف کرایا ہے، یہ ٹیم کسی کو بھی ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے تاہم کرس گیل کو بہت زیادہ دباو کا سامنا ہوگا کیونکہ پوری ٹیم ان پر ہی انحصار کررہی ہے۔

متعلقہ عنوان :