بھارتی یوم جمہوریہ ‘ حکومت کا 104 افراد کو اعلیٰ شہری ایوارڈز دینے کا اعلان

پیر 26 جنوری 2015 12:04

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جنوری 2015ء)بھارتی حکومت نے ملک کے 66 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات انجام دینے والے 104 افراد کو ملک کے اعلیٰ شہری ایوارڈز دینے کا اعلان کیا ہے۔وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق اس سال نو پدم وبھوشن، 20 پدم بھوشن اور 75 پدم شری ایوارڈز دیے جائیں گے۔

رواں سال یہ ایوارڈز پانے والوں میں بزرگ سیاستدان لال کرشن ایڈوانی، مشہور اداکار دلیپ کمار اور امیتابھ بچن سمیت سیاست، فلم، ادب اور سماجی زندگی سے متعلق کئی اہم لوگ شامل ہیں۔یہ ایوارڈز عام طور پر مارچ اور اپریل کے دوران ایوان صدر میں منعقد کی جانے والی تقریب میں صدر کے ہاتھوں دئیے جاتے ہیں۔فہرست کے مطابق ملک کا دوسرا سب سے بڑا شہری اعزاز پدم وبھوشن پانے والے نو افراد میں دو سیاستدانوں بی جے پی کے سینئر رہنما لال کرشن ایڈوانی اور پنجاب کے وزیر اعلیٰ پرکاش سنگھ بادل اور دو اداکاروں دلیپ کمار اور امیتابھ بچن کے علاوہ سماجی کارکن ڈاکٹر وریندر ہیگڑے، سائنسدان پروفیسر ملور راما سوامی شری نواسن، کوٹیان کے ونوگوپال، جگدگر راماننداچاریہ سوامی اور کاروباری شخصیت کریم الحسینی آغا خان شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وہیں پدم بھوشن حاصل کرنے والوں میں مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس اور ان کی بیوی میلنڈا گیٹس کے ساتھ پہلوان ستپال اور صحافی سواپن داس گپتا اور رجت شرما بھی شامل ہیں پدم شری جیتنے والوں میں فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی، موسیقار روندر جین، گیت کار پرسون جوشی، صحافی رام بہادر رائے، بیڈمنٹن کی کھلاڑی پیوی سندھو، ہاکی کھلاڑی سردار سنگھ جیسی شخصیات شامل ہیں۔اس کے علاوہ مرکزی حکومت نے بوہری فرقے کے سابق پیشوا سیدنا محمد برہان الدین کو بعد از مرگ پدم شری انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔