اسپین کے شہر ” سیوتا “ سے 4 شدت پسند گرفتار

پیر 26 جنوری 2015 12:06

اسپین کے شہر ” سیوتا “ سے 4 شدت پسند گرفتار

بارسلونا(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جنوری 2015ء)سپین کی پولیس ” گواردیا سول “ نے مراکش کی سرحد سے ملحقہ ہسپانوی شہر ”سیوتا “ کے علاقے ”الپر ن سی پے “سے چار شدت پسندوں کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ جن افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ان کے بارے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ انہوں نے شدت پسندی کا گروپ کیوں بنایا ۔

(جاری ہے)

اسپین کے وزیر داخلہ ”خرخے فرنینڈس دیاز “ نے کہا کہ گرفتار افراد اور چارلی ایبڈو پر حملہ آوروں کے مابین مماثلت دیکھ کر بہت حیرانگی ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار افراد آپس میں دو ، دو بھائی ہیں اور ان کی بیویوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے ۔گرفتار کئے جانے والے انتہائی ماہر ، تربیت یافتہ اور حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور وہ اس پر تیار ہیں کہ اپنے آپ کو خود کش حملے میں قربان کر دیں ۔ ان دہشت گردوں کو دو مکانات کی تلاشی کے دوران گرفتار کیا گیا ہے ۔پولیس کے مطابق گرفتار شدہ افراد اور ماہ رواں کے اوائل میں پیرس میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں میں ملوث حملہ آوروں کے درمیان بظاہر کوئی ربط ظاہر نہیں ہوا ۔