مسئلہ کشمیر کے سبب خطے کے کروڑوں عوام کا مستقبل غیر یقینی صورت حال سے دوچار ہے‘چوہدری دلشاد احمد

پیر 26 جنوری 2015 12:44

سٹوک آن ٹرنٹ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جنوری 2015ء) پیپلز پارٹی سٹوک آن ٹرنٹ کے راہنما اور معروف بزنس مین چوہدری دلشاد احمد نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر لاکھوں بے گناہ کشمیریوں کو محض حق خود ارادیت کا مطالبہ کرنے پر موت کے گھاٹ اُتار چکا ہے ۔ اب بھارت مقبوضہ وادی میں ہندو بستیاں آباد کرنے جا رہا ہے ۔ بھارت اچھے ہنکنڈوں سے باز رہے ورنہ کشمیری نوجوان دوبار بندوق اُٹھانے پر مجبور ہو جائیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ امریکی صدر باراک اوباما کو چاہیے کے وہ اس دورے کے دوران خطے میں مستقل امن کے لیے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھی بات کریں اور نریندر مودی کو اس مسئلہ کے حل کے لیے مجبور کریں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے سبب خطے کے کروڑوں عوام کا مستقبل غیر یقینی صورت حال سے دوچار ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان اور بھارت دونوں جوہری صلاحیت سے لیس ہیں اور ان کے درمیان ہونے والی معمولی جھڑپ ایٹمی جنگ کا سبب بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی کوشش ہے کہ اسے سلامتی کونسل کی نشست مل جائے، لیکن اسے یہ نشست دینے سے قبل اسکے انسانی حقوق کی پامالی سے متعلق ریکارڈ پر بھی نظر ڈالنا ضروری ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم سے متعلق دیگر ممالک کے علاوہ یورپی یونین بھی اپنے تحفظات کا اظہار کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو سلامتی کونسل کی مستقل نشست دینے کا معاملہ مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری پرامن قوم ہے اور وہ مسئلہ کشمیر کا حل بھی پرامن طریقے سے چاہتی ہے۔