برطانیہ: وزیرِ اعظم اور خفیہ ادارے کو جعلی فون کال ،حکومت نے سکیورٹی کے نظام کا از سرِ نو جائزہ لینے کا فیصلہ کر لیا

پیر 26 جنوری 2015 13:11

لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جنوری 2015ء) برطانیہ میں وزیرِ اعظم ڈیوڈکیمرون اور خفیہ ادارے کو جعلی فون کالز کے بعد حکومت نے سکیورٹی کے نظام کا از سرِ نو جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔اطلاعات میں بتایاگیا ہے کہ گزشتہ روز ٹیلی فون پر خود کو برطانوی خفیہ ادارے جی سی ایچ کیو کا ڈائریکٹر ظاہر کرنے والا ایک شخص وزیرِ اعظم ڈیوڈ کیمرون سے رابطہ کرنے میں کامیاب ہوگیا،جبکہ جی سی ایچ کیو کو بھی ایک جعلی کال کی گئی۔

(جاری ہے)

برطانوی حکومت کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم کیمرون نے ٹیلیفون پر بات چیت اْسی وقت ختم کر دی جب یہ واضح ہوا کہ اْن کا مخاطب جی سی ایچ کیو کے ڈائریکٹر رابرٹ ہینیگن نہیں ہیں۔ اِس سے پہلے اتوار ہی کو جی سی ایچ کیو کے دفتر میں بھی ایک جعلی کال کی گئی جس کے دوران ادارے کے ڈائریکٹر کا ذاتی فون نمبر افشا ہوا۔ جاسوس ادارے کے حکام نے کہا ہے کہ، دیا جانے والا موبائل نمبر حساس معلومات سے متعلق بات چیت کے لیے استعمال نہیں کیا جاتا۔ برطانوی حکومت نے اپنے تمام محکموں کو اِس قسم کی جعلی ٹیلی فون کال کے بارے میں خبردار کر دیا ہے جبکہ سکیورٹی کے نظام کا بھی دوبارہ جائزہ لیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :