نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن نے ٹیوٹا کے 6اداروں کو بہترین معیار اور شاندار کارکردگی پر ایکریڈیشن دیدی

پیر 26 جنوری 2015 13:34

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جنوری 2015ء) نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن نے ٹیوٹا کے 6اداروں کو بہترین معیار اور شاندار کارکردگی پر ایکریڈیشن دیدی۔ ان اداروں میں گورنمنٹ ٹیکنالوجی آف ٹیکنالوجی ریلوے روڈ لاہور، فیصل آباد ، رسول ، گجرات ، گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ گوجر خان اور گلبرگ لاہور شامل ہیں۔ وفاقی ادارے کی جانب سے ٹیوٹا اداروں کو ایکریڈیشن انکی بہترین کارکردگی اور بہتربنیادی ڈھانچے کی کی بنا پر دی گئی ہے۔

اس طرح یہ ادارے ، طلبا، والدین اور آجروں کے لئے مزید فائدہ مند ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی ، جنرل منیجر اکیڈمکس اظہر اقبال شاد اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

عرفان قیصر شیخ نے بتایا کہ ٹیوٹانے اپنے مزید10 اداروں کونیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے ساتھ ایکریڈیشن کیلئے نامزد کیا ہے ۔

ان اداروں میں گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی رائیونڈ روڈ ، لاہور ، ٹیکسلا ،سرگودھا ، رحیم یار خان ، پرنٹنگ اینڈ گرافکس آرٹس لاہور ، گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ مغلپورہ لاہور ، قصور ، جہلم ، چیچہ وطنی اور رحیم یار خان شامل ہیں۔ وفاقی ادارے کی جانب سے ایکریڈیشن ملنے پر ان اداروں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ یہ ادارے ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کے فروغ میں مزید بہتر طریقے سے اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے۔

چیئر پرسن ٹیوٹا نے مزید بتایا کہ ان اداروں کو ملنے والی ایکریڈیشن سے والدین کو اپنے بچوں کو ہنر مند بنانے کیلئے بہتر فنی تعلیمی ادارے کے انتخاب میں مدد ملے گی ۔نوجوان نسل ان اداروں میں بہترین فنی تعلیم و تربیت اور انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق جدید ٹریننگ حاصل کرینگے۔انڈسٹری مالکان کو ماہر افرادی قوت کی دستیابی میں بھی مدد ملے گی۔