کراچی،شاہراہ فیصل پر تیز رفتار کار ٹائر پھٹنے کے باعث فٹ پاتھ پر لگے کھمبے سے ٹکراگئی،2 افرادجاں بحق جبکہ 2 زخمی

پیر 26 جنوری 2015 14:51

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جنوری 2015ء) کراچی میں شاہراہ فیصل پر تیز رفتار کار ٹائر پھٹنے کے باعث فٹ پاتھ پر لگے کھمبے سے ٹکراگئی، جس کے باعث 2 افرادجاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

شاہراہ فیصل پر ائر پورٹ کی طرف سے آنے والے روڈ پر نرسری کے قریب تیز رفتار کار کا ٹائر پھٹ گیا، جس کے باعث وہ بے قابو ہوکر فٹ پاتھ پر لگے سائن بورڈ کے کھمبے سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود 4 افراد شدید زخمی ہوگئے، جنہیں ریسکیو ایمبولینسز کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا جارہا تھا تو ان میں 2 افراد 25 سالہ فرحان اور 25 سالہ طلحہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے جبکہ 25 سالہ تسبیح الحسن اور 25 سالہ سلمان شدید زخمی ہوگئے ۔

زخمی اور ہلاک ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جاتا ہے ۔ علاقہ پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر ابتدائی تحقیق کے لیے شواہد اکٹھے کرلئے ہیں۔ عینی شاہد کے مطابق گاڑی کی رفتار اس قدر تیز تھی کہ جب حادثہ ہوا تو سی این جی سلینڈر اور سیٹیں نکل کر باہر جاگریں۔

متعلقہ عنوان :