صدر اوبامہ کے دورہ بھارت ،بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پرکشمیریوں کو شدید مشکلات کا سامنا

پیر 26 جنوری 2015 14:59

سرینگر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جنوری 2015ء) امریکی صدر براک اوبامہ کے دورہ بھارت اور بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پرقابض انتظامیہ نے مقبوضہ کشمیر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ میڈیا رپو رٹ کے مطابق سرینگر کے بخشی سٹیڈیم جہاں یوم جمہوریہ کی سرکاری تقریب منعقد ہو نی تھی کے ارد گرد لوگوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کیلئے بڑی تعداد میں بھارتی فوجی ، پولیس اور سی آر پی ایف کے اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔

کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے اجتناب کیلئے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات کی گئیں تھیں،جبکہ سرینگر شہر میں مزید سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے اور شہر کی سڑکوں اور گلی کوچوں میں پولیس اور سی آر پی ایف کی بھاری نفری گشت پر مامورتھی۔

(جاری ہے)

بخشی اسٹیڈیم کی طرف جانے والے تمام راستوں کو آمدورفت کیلئے بند کردیا گیا اور صرف فوجیوں اور سرکاری گاڑیوں کو ہی ان روٹوں پر چلنے کی اجازت تھی ۔

بخشی اسٹیڈیم کی طرف جانے والے راستوں کو لوہے کی سلاخوں سے بند کردیا گیا اور جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کرکے ان راستوں پر موبائل بنکر رکھے گئے ہیں جبکہ سی آر پی ایف اور دیگر فورسز کے دستوں پر مبنی 3 دائروں والی سیکورٹی قائم کی گئی تھی۔ بخشی اسٹیڈیم کے راستوں کیساتھ ساتھ جواہر نگر، لالچوک، ڈل گیٹ، ڈاون ٹاون، قمرواری، ایچ ایم ٹی، بائے پاس، زیرو برج کے اینٹری پوائنٹس پر بھی زبردست رکاوٹیں کھڑی کی گئی تھیں اور جگہ جگہ گاڑیوں کی چیکنگ کیساتھ ساتھ راہگیروں کی پوچھ تاچھ کا عمل تیز کردیا گیا تھا۔

سول سیکریٹریٹ، اولڈ سیکریٹریٹ، فلائی اوور، اسمبلی ہاؤس کیساتھ ساتھ دیگر اہم سرکاری و غیر سرکاری تنصیبات کو فوجیوں نے اپنی تحویل میں لے رکھا تھا۔اسی طرح وادی کشمیر کے دیگر ضلع مقامات کپواڑہ ، بانڈی پورہ، بارہمولہ، شوپیان، سوپور، کولگام، پلوامہ، گاندربل اور دیگر اضلاع میں بھی سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ سرینگرمیں داخل ہونے والی گاڑیوں کی تلاشی کیلئے بھارتی پولیس نے کئی مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کی تھیں جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

بلند عمارتوں پر شارپ شوٹرز کوبھی تعینات کیا گیا تھا ۔ مقبوضہ علاقے کے تمام اہم قصبوں اور شہروں میں بھی اسی طرح کے انتظامات کئے گئے تھے۔سرینگر اور دیگر قصبوں سمیت متعدد مقامات پر بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار گاڑیوں اور مسافروں کی تلاشیاں لیتے رہے، اس موقع پر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے کاغذات بھی چیک کئے گئے ۔

متعلقہ عنوان :