محمد علی اور لسٹن کے مشہور زمانہ فائٹ کے دستانے نیلامی کے لیے پیش

پیر 26 جنوری 2015 15:03

نیویارک( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جنوری 2015ء ) باکسنگ لیجنڈ محمد علی اور سونی لسٹن کے درمیان ہونے والے مشہور زمانہ فائٹ کے دستانے نیلامی کے لیے مداحوں کو پیش کئے جائیں گے۔ محمدعلی اور سونی لسٹن کے درمیان 25مئی1965کو لیوسٹن میں مقابلہ ہوا تھا جس میں محمدعلی نے لسٹن کو چاروں شانے چت کیاتھا۔

(جاری ہے)

دونوں سابق چمپین باکسروں کے اس میچ کے دستانے 21فروری کواس مشہور مقابلے کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر نیویارک میں نیلامی کے لیے پیش کئے جائیں گے، دستانوں سے ایک ملین ڈالر آمدنی کی توقع ظاہرکی گئی ہے۔ محمدعلی نے 1995میں مقابلے کی30ویں سالگرہ کے موقعے پردونوں جوڑوں میں اپنے دستخط کئے تھے،سونی لسٹن 1970میں انتقال کرگئے تھے۔