پاکستان اس وقت مشکل دور سے گزر رہا ، اس وقت صحیح سمت میں قدم اٹھانے کی ضرورت ہے‘ اسحق ڈار

پیر 26 جنوری 2015 15:58

پاکستان اس وقت مشکل دور سے گزر رہا ، اس وقت صحیح سمت میں قدم اٹھانے کی ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جنوری 2015ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کسٹمز نے حالیہ سالوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے‘ پاکستان اس وقت مشکل دور سے گزر رہا ہے اس وقت صحیح سمت میں قدم اٹھانے کی ضرورت ہے‘ کسٹمز نے نہ صرف ملکی سطح بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اپنے سٹیک ہولڈرز کیساتھ بہتر تعاون اور روابط کو فروغ دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے رروز کسٹم ڈرائی پورٹ اسلام آباد میں بین الاقوامی کسٹم ڈے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حالیہ برسوں میں پاکستان کسٹم نے بہترین نتائج کے حصول کیلئے اہم اقدامات اٹھائے ہیں اور بین الاقوامی اداروں‘ تاجر برادری اور بین الاقوامی تجارت سے وابستہ سٹیک ہولڈرز کیساتھ اچھے تعلقات برقرار رکھے اور تجارتی ترسیلات کو رواں رکھنے کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ آنے والے وقتوں میں پاکستان کسٹم مال برداری کی کم لاگت بہترین سروس اور انتظار کی مدت ختم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی تجارتی برادری کے قابل اعتماد ساتھی کی حیثیت سے ہم پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم تجارتی ممالک کیساتھ تمام معلومات کا تبادلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت مشکل دور سے گزر رہا ہے اور ہمیں اپنی معیشت کو بہتر بنانے کیلئے اہم اقدامات اٹھانا ہوں گے تاکہ مستقبل کی ضروریات سے عہدہ برآء ہوسکیں۔

پاکستان کسٹمز ملکی معیشت کی بہتری میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے چیلنجز بڑے ہیں مگر ہمارے حوصلے اس سے بھی بلند ہیں اور مجھے امید ہے کہ ہم اپنے مقاصد کے حصول میں ضرور کامیاب ہوں گے۔ تقریب میں چیئرمین ایف بی آر طارق باجوہ‘ ممبر کسٹم ناصر محمد خان و دیگر سینئر عہدیداران نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :