دہشت گردی اسلام کیخلاف گہری سازش ہے ، طارق احمد جعفری

پیر 26 جنوری 2015 16:55

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جنوری 2015ء) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے زیر اہتمام سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلی و تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی جانب سے اعلان کردہ عالمگیر ایام چہلم شہدائے دین و وطن کے اختتامی روز ملک بھرکی طرح بلوچستان میں بھی مجالس عزا کا انعقاد کیا گیا۔کوئٹہ میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے ترجمان طارق آحمد جعفری نے مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے دہشت گردی کو اسلام کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے عالم اسلام سے متحد ہونے کی اپیل کی ہے انہوں نے کہا کہ تمام دہشت گرد تنظیموں کا شجرہ استعماری قوتوں سے جا ملتا ہے جو دہشت گردی کو اسلام کے ساتھ نتھی کرکے اسلام کا راستہ روکنا چاہتے ہیں فرانسیسی جریدے پر حملہ بھی اسی سازش کا شاخسانہ ہے پیغمبر اسلام کی حیات طیبہ اس امر پر گوہ ہے کہ اسلام امن و سلامتی کا عملی پرچارک ہے جس نے ظلم و بربریت و جارحیت کی نفی کی ہے آج جو بھی اسلام کے متعین کردہ راستے سے انحراف کرتا ہے وہ نہ اسلام کا دوست ہے نہ پیغمبر اسلام کا پیروکار اور نہ ہی اسے دین و شریعت کا ترجما ن ماناجا سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عرب لیگ او آئی سی کی غیرت مر چکی ہے اگر مسلمان عزت و غیرت کی بحالی چاہتے ہیں تو 60 اسلامی ریاستوں کے سربراہان کو بھی شان رسالت مارچ کرنا ہو گا اور اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشمیر و فلسطین برما بحرین کے مسائل کرنا ہوں گے استعماری کاسہ لیسی سے جان چھڑانا ہو گی اور دہشتگردی کی بیخ کنی کیلئے مشترکہ اقدامات کرنے ہوں گے بصورت دیگر مسلمانوں کو یونہی کچلا جاتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ گستاخ جریدے سے یکجہتی کیلئے کئے جانے والے ملین مارچ سے اسے مزید شہ ملی اور اس نے دوبار ہ پہلے سے بڑھ کر گستاخی کا ارتکاب کرکے اربوں مسلمانوں اور رسول اللہ سے محبت کرنے والے انسانوں کے دل زخما دےئے لیکن افسوس عالمی امن کے ٹھیکیداروں نے اس دہشت گردی کا کوئی نوٹس نہ لیا اسرائیلی لیبر پارٹی کے سربراہ کا یہ بیان بجا ہے کہ دہشت گردی صرف دہشت گردی ہے آزادی سے محبت کرنے والی قوتوں کو اس سے مقابلے کیلئے تیار رہنا چاہئے لیکن جس دہشت گردی کو اسرائیل فروغ دے رہا ہے اس کابھی دنیا کو نوٹس لینا چاہئے جس کے سامنے کسی عالمی انسانی اخلاقی قانون کی کوئی اہمیت نہیں۔

۔انہوں نے کہا کہ ہم 30سال سے کہہ رہے ہیں کہ دہشت گرد کا کوئی مذہب مسلک نہیں اسے کسی مسلک مذہب سے نتھی کرنا ازخود دہشت گردی ہے ایسے میں عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ آزادی رائے کے نام پر مسلمانوں کے جذبات مجروح کئے جانے کی سازشوں کو روکے کیونکہ مسلمان نبی کریم سے اپنی جان مال اولاد سے زیادہ محبت کرتے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک بھر میں بلا تفریق کالعدم تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے۔کوئٹہ کے علاوہ مچھ ، ڈیرہ مراد جمالی ،جعفرآباد ،نصیرآباداور دیگر علاقوں میں بھی مجالس عزا کا اہتمام کیا گیا۔