علاقہ معززین ،عوام باہمی تعاون سے علاقائی سطح پر قیام امن اور جان و مال کی حفاظت کے لئے محلہ کمیٹیاں تشکیل دیں،نشامحمد ضیاء قادری

پیر 26 جنوری 2015 17:17

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جنوری 2015ء)حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے قیام امن اور دہشت گردی کے واقعات سے بچاؤ کے لئے علاقائی سطح خصوصاً درسگاہوں کے اطراف حفاظتی بیرئیر لگانے اور طلباء و اساتذہ کے تحفظ کے لئے فول پروف حفاظتی انتظامات کا مطالبہ کرتے ہوئے علاقہ معززین اور عوام سے اپیل کی ہے کہ باہمی تعاون کے ذریعے قیام امن اور دہشت گردی کے واقعات سے نمٹنے کے لئے محلہ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان کے ہمراہ سینٹ جونز اسکول ڈرگ روڈ سمیت شاہ فیصل کالونی کے مختلف اسکولوں اور کالجز کے دورے کے موقع پر کیا اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر شاہ فیصل زون حسن رضا ،ڈائریکٹر ہیلتھ ڈی ایم سی کورنگی رفیق شیخ ،سنیئر ڈائریکٹر پارکس جاوید قریشی ،طلعت محمود اور اسلم پرویز بھی موجود تھے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے سینٹ جونز اسکول ڈرگ روڈ کے دورے پر اسکول انتظامیہ اور اساتذہ اور طلباء و طالبات سے ملاقات کی اور اُن سے حفاظتی و اسکولوں کے اطراف بلدیاتی سہولیات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نے ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کو ہدایت کی کہ وہ باہمی تعاون کے ذریعے درسگاہوں کے اطراف تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کا فوری خاتمہ یقینی بنا نے کے ساتھ اطراف میں صفائی وستھرائی اور دیگر بلدیاتی سہولیات کو یقینی بنائیں انہوں نے اسکول انتظامیہ سے کہاکہ وہ علاقہ معززین کے باہمی تعاون کے ذریعے حفاظتی انتظامات کے لئے کمیٹیاں تشکیل دے کر حفاظتی انتظامات کو موثر بنائیں تاکہ طلباء و طالبات پر امن ماحول میں علم حاصل کرسکیں اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے کہاکہ بلدیہ کورنگی ضلعی انتظامیہ کے تعاون کے ذریعے درسگاہوں کے اطراف تجاوزات و غیر قانونی تعمیرات ختم کرنے کے لئے مہم کا آغاز کرچکی ہے اسکولوں اور کالجوں کے اطراف صفائی وستھرائی اور روشنی سمیت دیگر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا نے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر انتظامات جاری ہیں ۔