دوبئی کے 125 شیشہ کیفوں کا لائسنس منسوخ

پیر 26 جنوری 2015 18:26

دوبئی کے 125 شیشہ کیفوں کا لائسنس منسوخ

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26جنوری۔2015ء)دبئی کی میونسپلٹی نے 125 شیشہ کیفوں کا لائسنس منسوخ کر دیا ہے۔ ان سب پر حقہ اور شیشہ کیفے کے حوالے سے بنائے گئے قوانین کی خلاف ورزی کا الزام ہے ۔عربی اخبار البیان (Al Bayan) کے مطابق یہ تمام کیفے مقررہ مدت میں شرائط و ضوابط کے حوالے سے 2009 کے ٹوبیکو کنٹرول کے وفاقی قانون نمبر 15 اور 2013 کی ریگولیشن نمبر 24 پر عمل درآمد کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

دوبئی میونسپلٹی نے فروری 2014 سے ایک مہم شروع کی ہوئی ہے جس میں تمام شیشہ کیفوں کو اس بات کا پابند بنانا ہے کہ وہ ٹوبیکو کنٹرول کے وفاقی قانون پر عمل کریں۔اس قانون کے تحت کوئی بھی شیشہ کیفے سکولوں، بچوں کی سیروتفریح کے مقامات، مساجد اور رہائش گاہوں سے 200 میٹر تک دور اور مرکزی سڑک پر واقع ہونگے ۔

(جاری ہے)

اس مہم کے تحت دوبئی کے رہنے والوں اور وہاں کاروبار کرنے والوں کو بھی اس قانون سے روشناس کرایا گیا۔

حکام کےمطابق اس قانون کےنفاذ کا مقصد جرمانے کا حصول نہیں بلکہ لوگوں کی اچھی صحت کو یقینی بنانا ہے۔جو ریستوران اس قانون پر عمل درآمد کرنے میں ناکام رہے انہیں حقہ کی سہولت دینے سے روک دیا گیا ہے، حقہ کے علاوہ وہ اپنا دوسرا کاروبار جاری رکھ سکتےہیں۔ایسے شیشہ کیفوں کو جومقررہ مدت میں عوامی مقامات سے دورمنتقل نہیں ہوئے انہیں بھی حقہ سروس سے روک دیا گیا ہے۔

ایسے افراد کو خلاف ورزی کی صورت میں جرمانے کا سامنا کرنا ہوگا۔ایسے شیشہ کیفوں کو جو اس قانون کی خلاف ورزی کر رہے تھے پہلے ہی ایک ماہ کی مہلت دی جا چکی ہے۔ دوبئی میونسپلٹی نے ڈیپارٹمنٹ آف اکنامک ڈویلپمنٹ کو کہا ہے کہ وہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے شیشہ کیفوں کے لائسنس اس وقت تک منسوخ کر دے جب تک وہ اس قانون پر عمل درآمد کو یقینی نہ بنائیں۔قانون کی خلاف ورزی کرنے والے شیشہ کیفوں کو 5 ہزار درہم کا جرمانہ کیا جائے گا اور انہیں شیشہ کیفے بند کرنے کے لیے 15 دن کی مہلت دی جائے گی۔