دہشت گردی کو کچلنے کیلئے اجتماعی فیصلے بارآور ثابت ہو رہے ہیں ،جیت پاکستان کی ہوگی‘ محمد شہباز شریف ،میرا پختہ یقین ہے قوم عزم کر لے تو پہاڑ جیسی مشکلات پر بھی قابو پایا جا سکتا ٓہے ،قوم کے عزم اور اتحاد سے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سرخرو ہونگے،دہشت گردی کے خاتمے اور پرامن معاشرہ کی تشکیل کیلئے ہر طبقے کو اپنا بھرپورکردار ادا کرناہے، اجتماعی فیصلے بارآور ثابت ہو رہے ہیں، پنجاب حکومت صوبے میں دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کے تحت تمام ضرور ی اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنا رہی ہے،دہشت گردی کیخلاف جنگ میں آخری جیت پاکستان کی ہوگی‘ وزیراعلیٰ پنجاب کی (ن) لیگ کے عہدیداران کے وفد سے گفتگو

پیر 26 جنوری 2015 19:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26جنوری۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پشاور کے سکول میں دہشت گردوں نے معصوم بچوں اور اساتذہ کو شہید کرکے بدترین بربریت کا مظاہرہ کیا۔ معصوم بچوں کے خون کے طفیل پوری قوم دہشت گردی کے ناسور کے خلاف یکجان ہو چکی ہے، دہشت گردی کے خاتمے اور پرامن معاشرہ کی تشکیل کیلئے ہر طبقے کو اپنا بھرپورکردار ادا کرناہے،معصوم زندگیوں سے کھیلنے والے سفاک درندے عبرتناک سزا سے بچ نہیں پائیں گے، دہشت گردی کو کچلنے کیلئے اجتماعی فیصلے بارآور ثابت ہو رہے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں آخری جیت پاکستان کی ہوگی۔

وہ پیر کی یہاں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے عہدیداران کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہاکہ دہشت گردی، انتہاء پسندی اور فرقہ واریت کا خاتمہ کئے بغیر ملک و قوم کی ترقی وخوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔

(جاری ہے)

امن کے بغیر سرمایہ کاری کا فروغ ممکن نہیں-سرمایہ کاری و صنعتکاری کے عمل کو مستحکم کر کے ہی ملک سے غربت اور بے روزگاری جیسے مسائل کا خاتمہ کیاجاسکتاہے۔

دہشت گردی نے ملک کی ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنا ہی واحد راستہ ہے۔ وزیراعظم محمدنوازشریف کی سیاسی بصیرت ، تدبر، دلیرانہ قیادت اور قومی قیادت کے جرأتمندانہ فیصلوں سے ملک سے دہشت گردی کا قلع قمع کرنے میں ضرورکامیاب ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرنے کی سنجیدہ اورمخلصانہ کاوشیں رنگ لائیں گی۔

دہشت گردوں کو معصوم اور بے گناہ پاکستانیوں کے بہائے گئے خون کا حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان دہشت گردی ،انتہا پسندی اور فرقہ واریت سے نمٹنے کا متفقہ اور موثر لائحہ عمل ہے۔ پنجاب حکومت صوبے میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت تمام ضرور ی اقدامات اٹھا رہی ہے اور دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے نیشنل ایکشن پلان پر پوری طرح عملدرآمد یقینی بنایا جا رہاہے۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ملک کے بہادر عوام نے لازوال قربانیاں دی ہیں،شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 18کروڑ عوام سرخرو ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرا پختہ یقین ہے کہ قوم عزم کر لے تو پہاڑ جیسی مشکلات پر بھی قابو پایا جاسکتا ہے اور آج پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے اپنے بھرپور عزم کا اظہار کر دیا ہے اور قوم کے عزم او راتحاد کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتیں گے۔

انہوں نے کہاکہ پرامن معاشرے کی تشکیل کے لئے رواداری ، تحمل اور اخوت کے جذبات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ عوام کے مثالی اتحاد و یگانگت کی بدولت دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے اور آگ اور خون کی ہولی کھیلنے والے درندوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔