پاک فضائیہ کے JF-17تھنڈر طیارں کو کمبیٹ کمانڈرز سکول میں شامل کر لیاگیا

پیر 26 جنوری 2015 20:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26جنوری۔2015ء)پاک فضائیہ کے JF-17تھنڈر طیارں کو مقتدرادارے کمبیٹ کمانڈرز سکول میں باقاعدہ طور پر شامل کر لیاگیا۔ JF-17تھنڈرز کی شمولیت کے اس تاریخی موقع پر پی اے ایف بیس مصحف میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ائیر مارشل سہیل امان ڈپٹی چیف آف دی ائیر سٹاف (آپریشنز) اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے۔

ان طیاروں کی آمد کے موقع پر اس تقریب میں موجود پرجوش شرکا ء نے گرم جوشی سے تالیاں بجا کر ان کو خوش آمدید کہا۔ طیارں کی ٹارمک آمد پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند ٹیکنیشنزنے ان کا استقبال کیا۔جیسے ہی پائلٹس کاک پٹ سے باہر آئے ننھے بچوں نے انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔بعد ازاں مہمان خصوصی نے فضائی اور زمینی دستوں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔

(جاری ہے)

JF-17تھنڈر طیارے کی پاک فضائیہ میں شمولیت کا آغا ز2007 سے ہو چکا ہے جوکہ مسلسل جاری ہے۔ اب تک پاک فضائیہ میں JF-17 کے دو سکواڈرنز خدمات انجام دے رہے ہیں جو کہ ہر طرح کے آپریشن سر انجام دیتے ہیں۔ کمبیٹ کمانڈرز سکول میں JF-17تھنڈرز کی شمولیت خود انحصاری اور آپریشن کی صلاحیت کی ترقی کی طرف ایک سنگِ میل کی حیثیت کی حامل ہے۔ کمبیٹ کمانڈرز سکول میں اس طیارے کی شمولیت سے پاک فضائیہ کے پائلٹس کی بہترین combat training ممکن ہو سکے گی۔

پاک چین مشترکہ کاوش JF-17تھنڈ ر ایک بہترین اور ہمہ جہت کم وزن جنگی طیارہ ہے ۔JF-17تھنڈ ر گلاس کاک پٹ اور جدید ترین ایویانکس سسٹم سے مزین ہونے کے ساتھ ساتھ ہر قسم کے جدید ہتھیاروں ، بمبوں ، فضا سے فضا اور فضا سے زمین اور سمندر پرمار کرنے والے اینٹی شپ میزائل سے لیس ہونے کی وجہ سے بہت مہلک اور کامیاب ہے۔BVR میزائل کی تنصیب سے یہ موجودہ جنگی دورکا ایک موئثر اور کامیاب طیارہ بن چکا ہے۔