ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کے منتخب اسکواڈ پر سوالیہ نشان،عمر اکمل، صہیب مقصود اور محمد عرفان سمیت کئی کھلاڑی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں منعقدہ فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کرنے کے باوجود آسٹریلیا، نیوزی لینڈ کی نشست بک کروانے میں کامیاب رہے ،سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ شرجیل خان، رضا حسن، خرم منظور اور عبدالرحمٰن کی فٹنس کا معیار بھی ناقص رہا،ڈھلتی عمر میں کپتان مصباح الحق نے فٹنس میں نوجوانوں کو شرمندہ کردیا،عمدہ فٹنس پر فواد عالم اور عمرامین انعام کے حقدار ثابت ہوئے لیکن ورلڈ کپ اسکواڈ میں جگہ نہ بنا سکے۔ شاہد آفریدی سمیت 13 پلیئرز نے تسلی بخش پوائنٹس کے ساتھ ٹیسٹ پاس کیا

پیر 26 جنوری 2015 20:58

ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کے منتخب اسکواڈ پر سوالیہ نشان،عمر اکمل، صہیب ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26جنوری۔2015ء) ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کے منتخب اسکواڈ پر سوالیہ نشان موجود ہے۔ عمر اکمل، صہیب مقصود اور محمد عرفان سمیت کئی کھلاڑی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں منعقدہ فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کرنے کے باوجود آسٹریلیا، نیوزی لینڈ کی نشست بک کروانے میں کامیاب ہوگئے۔انٹرنیشنل میچز کے دوران فٹنس مسائل سامنے آنے پر پی سی بی نے گذشتہ سال ہر چار ماہ بعد فٹنس ٹیسٹ لینا شروع کیا تھا۔

پہلی بار ناقص فٹنس پر صرف وارننگ دی گئی۔ بعد میں معیار پر پورا نہ اترنے والوں پر جرمانہ اور سینٹرل کنٹریکٹ کی رقم سے کٹوتیاں کی گئیں۔ بہتری لانے پر انعامات بھی متعارف کروائے گئے۔ ورلڈ کپ سے قبل آخری ٹیسٹ گذشتہ دنوں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہوئے جس میں ذرائع کے مطابق آٹھ کرکٹرز فٹنس کا مطلوبہ معیار ثابت نہ کرسکے جن میں ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل عمر اکمل سرفہرست ہیں۔

(جاری ہے)

عمر اکمل مجموعی طور پر ساٹھ فیصد نمبر بھی حاصل نہیں کرسکے۔ ان کے علاوہ میگا ایونٹ کے لیے منتخب حارث سہیل، صہیب مقصود اور محمد عرفان بھی ٹیسٹ پاس نہ کرسکے۔سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ شرجیل خان، رضا حسن، خرم منظور اور عبدالرحمٰن کی فٹنس کا معیار بھی ناقص رہا۔ حیران کن طور پر یہ آٹھ کھلاڑی گذشتہ فٹنس ٹیسٹ میں فیل ہوگئے تھے۔ اس بار بھی ان کے سینٹرل کنٹریکٹ کی رقم سے پچیس فیصد رقم کی کٹوتی کی جائے گی۔

عمدہ فٹنس پر فواد عالم اور عمرامین انعام کے حقدار ثابت ہوئے لیکن ورلڈ کپ اسکواڈ میں جگہ نہ بنا سکے۔ شاہد ا?فریدی سمیت تیرہ پلیئرز نے تسلی بخش پوائنٹس کے ساتھ ٹیسٹ پاس کیا جن میں سرفراز احمد، محمد حفیظ، یاسر شاہ، جنید خان، اسد شفیق، محمد طلحٰہ، راحت علی، عمر گل، ذوالفقار بابر، انور علی، اظہر علی اور عدنان اکمل شامل ہیں۔ ان کھلاڑیوں پر جرمانہ ہوگا نہ ہی انعام ملے گا۔

ڈھلتی عمر میں کپتان مصباح الحق نے فٹنس میں نوجوانوں کو شرمندہ کردیا۔ ہیمسٹرنگ انجری سے نجات پا کر کپتان نے بحالی کے سفر میں ہی ٹیسٹ میں سب کو پچھاڑ دیا۔ مصباح الحق اور شان مسعود صرف دو کھلاڑیوں نے اسی فیصد کا لیول حاصل کیا۔ دونوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کی رقم میں ساڑھے سترہ فیصد اضافہ کیا جائے گا۔ پچہتر فیصد نمبر لینے والوں میں یونس خان، احمد شہزاد اور احسان عادل بھی شامل ہیں۔