نصف صدی سے پیپلزپارٹی عوام کو بیوقوف بناتی آئی ہے‘پیرسید سرفراز گیلانی

منگل 27 جنوری 2015 12:27

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جنوری 2015ء)پیپلزپارٹی بوسیدہ نعروں روٹی ‘ کپڑا اورمکان کے عوض اب عوام کو ہرگز بیوقوف نہیں بناسکتی ، پارٹی اپنامنشور اس قدر گراچکی ہے جسے بلند کرنے کے لئے صدیاں درکارہوں گی ‘ نصف صدی سے پیپلزپارٹی عوام کو بیوقوف بناتی آئی ہے اب وقت کاتقاضا ہے کہ پی پی اڑھائی صدیاں کم از کم اقتدار میں نہیں آسکتی ، کرپشن کے بادشاہوں کا عوام کبھی بھی ساتھ نہیں دے سکتی ، ان خیالات کااظہارنظریاتی رہنماء مسلم لیگ (ن) پیرسیدسرفرازگیلانی نے اپنے جاری کردہ اخباری بیان میں کیاانہوں نے کہاکہ چار سال کے اندر پی پی محض قومی خزانہ کو شیرمادر کی طرح لوٹتی رہی جبکہ مسلم لیگ نواز عوام کے حقوق کی جنگ لڑتی رہی ‘ اور کرپشن کے مرتکب حکمرانوں کے ثبوت بھی وفاقی سطح پرپہنچائے گی ‘ کون کتنا کرپشن میں ڈوبا ہے ‘ڈھکاچھپا نہیں ، کیونکہ لوٹ مار پی پی کے حصے میں آئی ہے ‘ پی پی حکمران اپنی تجوریاں بھرتے رہے جبکہ عوام کو دووقت کی روٹی کیلئے ترسایا گیا ‘ جلد عوام بونے حکمرانوں کاحساب کتاب برابرکر دیں گے ‘ پی پی نے چار سالوں میں جوبویا ہے عنقریب اُسے کاٹنے کیلئے تیار رہے ‘ پی پی کووہی کاٹناہوگا جو بویا ہے ‘ کرپشن کے مرتکب حکمرانوں سے پائی پائی کاحساب لیں گے ‘ کسی کوبھاگنے نہیں دیں گے ، انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) ٹھوس نظریات کی حامل جماعت ہے ‘ جوتعمیر ی سوچ رکھتی ہے ‘ کرپشن کرنے والوں کاپیچھا قبر تک نہیں چھوڑیں گے ۔